آفریدی ملکی کرکٹرزکے ساتھ تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے انگلینڈ میں شیڈول کیمپ میں شرکت کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کا تربیتی کیمپ جس گراؤنڈ میں لگے گا وہیں پر شاہد آفریدی بھی موجود ہوں گے جو اسی کاؤنٹی ہمپشائرسے نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی بلاسٹ کھیل رہے ہیں۔باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ آفریدی ملکی کرکٹرزکے ساتھ تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے اور اگر سلیکٹرز ان کی فارم اور فٹنس سے متاثرہوئے تو انہیں انگلینڈکے خلاف واحد ٹی ٹونٹی کیلئے منتخب کیا جاسکتا ہے۔مختصر فارمیٹ کے نئے کپتان سرفرازاحمد آفریدی کو کھلانے کے حق میں ہیں جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ان کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کاکہناہے کہ ایک بڑے سپانسرکا بھی بورڈپردباؤ ہے کہ ’’لالہ ‘‘کو مزید موقع دیا جائے۔یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویومیں بھی کہاہے کہ وہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے کے لیے پر امید ہیں۔