باغبان انار کے پودوں کو سفیدمکھی کے حملے سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کریں،زرعی ماہرین
فیصل آباد(بیورورپورٹ ) زرعی ماہرین نے انار کا پھل کاشت کرنے والے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم گرما کی شدت کے باعث انار کے پودوں کو سکیلز اور سفید مکھی کے حملہ سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی وتدارکی اقدامات کریں اور ماہرین زراعت سمیت محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف اور پیسٹ سکاؤٹنگ وارننگ کے عملہ کی مشاورت سے مناسب زہروں کا استعمال بھی یقینی بنائیں تاکہ انار کے پودوں اور پھل کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایا جا سکے ۔ ایک ملاقات کے دوران ماہرین زراعت نے بتایا کہ انار کے پھل کوضرر رساں کیڑوں سے محفوظ رکھنا اشدضروری ہے کیونکہ موسم گرما کی شدت کے ساتھ ہی انار کے پودوں پر انار کی تتلی ، سکیلز ، سفید مکھی ، پھل کی مکھی اور دیگر ضررر ساں کیڑوں کے حملہ کا شدید خدشہ رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیڑے رس چوس کر فصل کوکمزور کرتے ہیں جس سے انارکا پھل گرنا شروع ہوجاتاہے ۔
۔انہوں نے کہا کہ باغبان پودوں کی دیکھ بھال سے غفلت نہ برتیں اور جونہی کوئی پھل متاثر ہوتا ہو انظر آئے تو اسے شاخ سے الگ کر کے زمین میں دبا دینا چا ہیے تاکہ وہ دیگر پودو ں اور پھلوں کو نقصان نہ پہنچا سکے۔