اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن ٹی20 ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہوگا
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ آج اتوار سے شہر کے مختلف گراؤنڈ میں ایک ساتھ شروع ہو گا۔ ایسوسی ایشن سے الحاق شدہ تمام کلبوں کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، افتتاحی روز 8 میچز کے فیصلے ہوں گے۔ آئی سی اے کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 4 جون تک جاری رہنیو الے ایونٹ میں ایسوسی ایشن سے الحاق شدہ 30 سے زائد کلبوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 4 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ کے سیمی فائنلز 3 جون اور فائنل 4 جون کو ڈائمنڈ کلب گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔افتتاحی روز آٹھ میچز کے فیصلے ہوں گے، پہلے میچ میں آصف میموریل اور اسلام آباد جمخانہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دوسرا میچ مارگلہ اور پی اینڈ ٹی، تیسرا میچ آل ینگ سٹار اور حسن میموریل، چوتھا میچ اسلام آباد ہاکس اور لکی سٹارز، پانچواں میچ سی آر اے اور غوری، چھٹا میچ کنگز جمخانہ اور قائداعظم، ساتواں میچ مسلم اور کیپیٹل جمخانہ جبکہ آٹھواں اور آخری میچ جنون اور ماڈل ٹاؤن جمخانہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔