سی ای او کلب کی جانب سے تارا گروپ کے ڈاکٹر خالد حمید کو بہترین سی ای او کا ایوارڈ
لاہور (بزنس رپورٹر) پاکستان میں شعبہ زراعت کے ممتاز ترین ادارے تارا گروپ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر خالد حمید کو انکی بہترین کا رکردگی کی بنیاد پر چیف ایگزیکٹو آفیسر کلب ایشاء کانفرنس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں جس کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ تھے،پاکستان کے ممتاز ترین چیف ایگزیکٹو آفیسر کا ایوارڈ دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کلب کی جانب سے ہر سال ایک پرُوقار تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں ملک بھر میں کام کرنے والے اداروں کے چیف ایگزیکٹوز کی سالانہ کا رکردگی، ان کی سربراہی میں کمپنی کی ترقی ، ملکی معیشت میں فعال کردار،روزگار کے مواقع اور ترقی کے دیگر اہداف کو مدِ نظر رکھتے ہوئے چیف ایگزیکٹو کو منتخب کیا جاتا ہے ۔تارا گروپ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر خالد حمید پاکستان میں شعبہ زراعت کے ایک نامور ماہر اور کراپ پروٹیکشن سائنسز میں PHD ہیں ملک میں زراعت کو درپیش مسائل ان کے ممکنہ حل اور تدابیر کے حوالے سے واضح وژن اور لائحہ عمل رکھتے ہیں شعبہ زراعت میں وسیع عملی تجربہ کے حامل ہیں انہیں یہ منفرد اعزازبھی حاصل ہے کہ انہوں نے نہائت قلیل عرصے میں تارا گروپ پاکستان کو زرعی شعبے کا ایک بڑا قابلِ اعتبار اور ریسرچ پر مبنی ادارہ بنا دیا یقینی طور پر تارا گروپ کی تما م ٹیم کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر خالد حمید کی قائدانہ صلاحتیں اور شعبہ زراعت میں اُن کا تجربہ ،وژن اور خداداد صلاحیت نے انہیں اپنے سب ہم عصروں سے ممتاز ترین مقام پر پہنچایا دیاہے ۔مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمایاں افراد نے پرفارمنس ایوارڈ ملنے پر ڈاکٹر خالد حمید کو مبارک باد پیش کی اور زرعی ترقی کے لئے اُن کی کوششوں کو سراہا۔