آئی پی ایل، آر سی بنگلور ،اور سن رائزرزحیدرآباد آج فائنل کھیلیں گے
بنگلور(آن لائن) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نویں ایڈیشن کا فائنل آج اتوار کو بنگلور میں کھیلا جائے گا، ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور اور ڈیوڈوارنر کی سن رائزرزحیدر آباد کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں مدمقابل ہوں گی۔ بھارت میں جاری ایونٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں رائل چیلنجرز بنگلور اور سن رائزرز حیدرآباد نے عمدہ کھیل کی بدولت فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے، ایونٹ کے کوالیفائر ون میں بنگلور نے گجرات لائنز کو زیر کر کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا تھاجبکہ کوالیفائر ٹو میں سن رائزرز حیدرآباد نے گجرات لائنز کو ہی زیر کیا۔گجرات لائنز کی ٹیم دو مواقع ملنے کے باوجود فائدہ حاصل کرنے میں ناکام رہی اور دونوں کوالیفائرز میں شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی۔