ٹیوٹا کے ہنر مند طلباء۔۔۔روشن مستقبل کے صورت گر
پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے ۔ ترقی وخوشحالی کی منزل کی جانب تیزی سے آگے بڑھنے کے لئے نوجوانوں کو فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہو گا۔صنعت و حرفت کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری وقت کی ضرورت ہے ۔ٹیوٹا کے اساتذہ کی تربیت کیلئے پاکستان ائیرفورس کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت ائیرفورس کے انسٹرکٹرز نے 500 ٹیوٹا اساتذہ کے پہلے بیج کو تربیت دی ہے ۔اساتذہ کی تربیت اور فنی تعلیم کے فروغ میں پنجاب حکومت اور پاکستان ائیرفورس کا اشتراک خوش آئندہے۔ٹیوٹا کے نوجوان اساتذہ ترقی یافتہ پاکستان کے مستقبل کے صورت گر ہیں۔ جب لوگ ان سے ہنر سیکھ کر رزق حلال کمانے اور اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے قابل ہوں گے تو وہ لمحہ پوری قوم کے لئے مسرت و انبساط کا لمحہ ہو گا۔ ان ماہرین کی ٹیوٹا میں شمولیت اس ادارے کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی ہم نوجوان نسل کو ہنر مند بنانے کے مقصد میں کامیابی ممکن ہو گی۔
ملک کی معاشی ترقی کے لئے فنی تعلیم کی ترقی بہت ضروری ہے۔اس ملک کا حال و مستقبل ہنر مند افرادی قوت کی کارکردگی سے جڑا ہوا ہے ۔ حکومت فنی تعلیم کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے۔ ٹیوٹا اداروں میں پڑھائے جانے والے کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے ازسرنو ترتیب دیا جارہا ہے۔ اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت کی جارہی ہے۔ ٹیوٹا، مقامی صنعت و تجارت کے علاوہ دیگر سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چل رہاہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔دور حاضر میں چین ، ملائشیا، برازیل اور ایسے ہی ترقی کرنے والے ممالک کی ترقی فنی تعلیم سے جڑی نظر آتی ہے۔ وطن عزیزکا مستقبل بھی فنی تعلیم سے وابستہ ہے کیونکہ اس وقت انڈسٹری کو ہنر مند افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے اور اس کا حصول ٹیوٹا کے قیام کے مقاصد کو پورا کئے بغیر ناممکن ہے۔ اب ہم صحیح راستے پر چل نکلے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب یہ ادارہ صوبے کی معاشی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہوا نظر آئے گا۔
ٹیوٹا کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آئندہ نسلیں بھی فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں اور یوں ہنر مندی کا یہ سلسلہ آگے بڑھتا رہے کیونکہ ہمارے ملک کی ترقی کا راز فنی تربیت کی صلاحیت سے جڑا ہوا ہے۔ حکومت پنجاب تعلیمی اور پیشہ وارانہ شعبوں میں نوجوان نسل کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دینے کے لئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے۔ اس مقصد کے لئے ٹیوٹا کے تمام اداروں میں فنی تربیتی سہولتوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے مستفید ہو کر پاکستان میں معاشی انقلاب برپا کر سکیں۔ اب ضرور ت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر بنیادی تعلیم حاصل کرنے والے اور سکول چھوڑنے والے طالبعلموں کو فنی تعلیم و تربیت کی طرف راغب کریں تاکہ وہ ہنر مند بن کر معاشی طور پر خودکفیل ہو سکیں وگرنہ ڈر ہے کہ نوجوان نسل گمراہ ہو کر معاشرے میں بگاڑ کا سبب نہ بن جائے۔
اس وقت سری لنکا، ایران اور بنگلہ دیش جیسے ممالک نے فنی تعلیم کے فروغ کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور ان کے ایسے اقدامات سے ان کی نوجوان نسل فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہورہی ہے۔ فنی تعلیم کی ترقی کے بغیر ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ کوئی بھی ملک نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔آج دنیا کی ترقی میں نوجوانوں کا حصہ کسی سے بھی کم نہیں۔نوجوان ہماری آبادی کا 60 فیصد ہیں۔ ہمارے ملک کی خوشحالی نوجوانوں کی ترقی اور فلاح وبہبود سے جڑی ہوئی ہے۔ نوجوان جدید علم وہنر سے آراستہ ہوں گے تو ہمارا ملک اقوام عالم میں ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے گا۔ ہمیں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ نوجوانوں کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہو گا۔زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی ۔حکومت پنجاب نے گزشتہ ساڑھے سات برسوں کے دوران پنجاب کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ نوجوانوں کو ہنر سے آراستہ کرنے کے لئے اربوں روپے مالیت سے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔اس فنڈکے ذریعے صوبے کے پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپناکاروبار شروع کرنے کیلئے امداد بھی فراہم کی جارہی ہے ۔پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کا مقصد پنجاب کے غریب نوجوانوں کو پیشہ وارانہ مہارتوں کی تربیت فراہم کرنا ہے ۔اس فنڈ کے ذریعے ابتک صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو مختلف شعبو ں میں تربیت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ ہزاروں نوجوانوں کو اچھی شہرت کے حامل پرائیویٹ ٹیکنیکل اداروں سے اشتراک کر کے تربیت فراہم کرنے کا عمل جاری ہے ۔
قیام پاکستان سے لے کر اب تک بے شمار پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں مگر تعلیمی شعبہ اور خصوصی طور پر فنی تعلیم کے شعبے میں ہم نے سرمایہ کاری نہیں کی جس کے باعث یہ شعبہ شدید انحطاط کا شکار ہے۔ جب تک فنی تعلیم کے شعبے کو صحیح معنوں میں ترقی کی طرف گامزن نہ کیا گیا تب تک ہم آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ اس لئے ہم سب کو مل کر اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا تاکہ اس خواب کو صحیح معنوں میں پورا کیا جاسکے۔یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پنجاب کے ہر کونے میں ٹیوٹا کے زیراہتمام ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے ادارے سرگرم عمل ہیں۔ ٹیوٹا کے کالجز اور انسٹی ٹیوٹس کے فارغ التحصیل طلبا نہ صرف مقامی انڈسٹری بلکہ مشرق وسطیٰ میں بھی باعزت روزگار کما رہے ہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا ایک بہت بڑا ذریعہ اوورسیز پاکستانیز کی طرف سے آنے والی ترسیلات ہیں اور ان ترسیلات کا سب سے بڑا حصہ ہمارے ہنرمند پاکستانی بھائی ہیں جو بیرون ملک اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرکے رزق حلال کمارہے ہیں۔
وطن عزیز عرصہ دراز سے توانائی بحران کا سامناکر رہا ہے۔ حکومت پنجاب توانائی بحران کے خاتمے کے لئے متعدد پراجیکٹ شروع کر چکی ہے۔ بہاولپور میں قائد اعظم سولرپارک کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ٹیوٹا اورانرجی ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے پاکستان کے پہلے بڑے میگاسولرپراجیکٹ کے لئے سولرپاور ٹیکنیشنز کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوں گے اور سولر پاور ٹیکنیشن کا کورس کرنے والے طلبا نہ صرف پبلک سیکٹر بلکہ نجی شعبے میں بھی روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں گے۔ بیرون ملک ملازمت کے لئے سولرپارک پاور ٹیکنیشن کورسز بھی معاون ثابت ہوں گے۔
وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں پاکستان ائیر فورس کے تعاون سے تربیت یافتہ ٹیوٹا اساتذہ میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کیا۔ وائس چیف آف ائیرسٹاف پاک فضائیہ، ائیر مارشل سعید ایم خان،ڈپٹی چیف آف ائیرسٹاف (ٹریننگ) ائیرمارشل فاروق حبیب،ائیر کموڈورساجد محمود اعوان،ایم پی اے زعیم حسین قادری،چےئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ،پاکستان ائیر فورس کے انسٹرکٹرز،ٹیوٹا کے حکام،دانشوروں اورکالم نگاروں نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلی نے اس موقع پر ایئر فورس کے تعاون پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان ، وائس چیف آف ائیر سٹاف، ائیر مارشل سعید ایم خان،ڈپٹی چیف آف ائیرسٹاف (ٹریننگ) ائیر مارشل فاروق حبیب اور ان کے رفقاء کا شکریہ اداکیا۔ چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیوٹا کے تربیتی پروگراموں سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا۔ 2018ء تک 5لاکھ 18 ہزار بچے اور بچیوں کو ہنر مند بنانے کا ہدف حاصل کر لیں گے۔صنعتی ضروریات کے مطابق ہنر مندافراد قوت تیار کرنے کے حوالے سے 15مختلف صنعتوں سے معاہدے کئے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کیں جبکہ چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے وزیر اعلی شہباز شریف اور ایئرفورس کے افسران کو یادگاری شیلڈز دیں۔