انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے سالانہ امتحانات چےئرمین لاہور بورڈ کے امتحانی مراکز کے دورے
لاہور(خبرنگار) انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے سالانہ امتحانات 2016 ء کے سلسلہ میں گزشتہ روز فزکس اور ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے پرچہ جات منعقد ہوئے ۔ تمام امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کی گئی ۔ انٹرمیڈیٹ پارٹI- میں اب تک 7 امیدواران پر ناجائز ذرائع جبکہ 02 امیدواران پر تلبیس شخصی کے کیسز بنائے جا چکے ہیں ۔ چےئرمین لاہور بورڈ نے لاہور کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور سپرنٹنڈنٹ کو امتحانی مرکز میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جس کے لئے خصوصی طور پر رقم میں اضافہ بھی کیا گیا ہے ۔ لاپرواہی پر سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ دوسر ی جانب گزشتہ روز ہونے والے پرچہ ریاضی کے معروضی کے جز نمبر 20 اور سوال نمبر 9 - b میں ٹائپنگ کی غلطی سامنے آئی جس کے بارے میں وضاحت کی جاتی ہے کہ ان تمام امیدواران کو جنہوں نے یہ سوالات حل کئے ہوں گے ان کو بورڈ قوانین کے مطابق فل کریڈٹ دیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں پیپر سیٹرز نے ایگزامینرز کو ہدایت جاری کر دی ہیں ۔