بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ون ونڈ و ڈیسک بنادیا، مشیر وفاقی محتسب
لاہور (سپیشل رپورٹر)وفاقی محتسب کے مشیر عبدالبا سط خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ملک وقوم کے سفیر ہیں ان کے مسائل حل کرنا ہمارا فرض ہے ۔بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ون ونڈ و ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں جن میں ہر فہرست پاکستان کے آٹھ بڑے ہوائی اڈوں ، اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، کوئٹہ ، پشاور ، فیصل آباد ، ملتان اور سیالکوٹ میں ون ونڈو ڈیسک کا قیام ہے ۔ وفاقی محتسب کے احکامات کی روشنی میں اِن ڈیسکوں پر بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق وفاقی حکومت کے بارہ محکموں کے افسران چوبیس گھنٹے موجود رہتے ہیں اور بیرون ملک سے آنے والے ہر مسافر کو درپیش مسائل ایک ہی چھت تلے فوری حل کر دیے جاتے ہیں ۔وفاقی محتسب آفس لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں عبدالباسط خان نے کہا کہ وفاقی محتسب کی ہدایت کی روشنی میں تمام پاکستانی سفارتخانوں کے سربراہ ہفتہ میں ایک دِن تمام پاکستانیوں کی شکایت سننے کے لیے موجود رہتے ہیں نیز سفارتخانوں میں فوکل پرسن بھی مقرر کر دیے گئے ہیں ۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی آن لائن شکایت پر بھی فوری کاروائی کی جارہی ہے ۔ وفاقی محتسب کی ہدایت کے مطابق ان اقدامات سے بیرون ملک پاکستانیوں کے بہت سے مسائل حل ہو گئے ہیں پھر بھی دیار غیر میں رہنے والے پاکستانی کو کوئی مسئلہ درپیش ہو یا کسی محکمے کے متعلق کوئی شکایت ہو تو وہ فوری طور پر اسے وفاقی محتسب آفس کے نوٹس میں لائیں یا آن لائن شکایت کا اندراج کروائیں اُن کے مسائل کا فوری حل ڈھونڈا جائے گا۔