مالی سال 2016-17 ء میں اقتصادی ترقی کی شرح نمو 5.7 فیصد رکھنے کا فیصلہ
لاہور (سپیشل رپورٹر) آئندہ مالی سال 2016-17 ء میں حکومت نے اقتصادی ترقی کی شرح نمو 5.7 فیصد ‘ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کیلئے 655 ارب روپے‘ آئی ڈی پیز کیلئے 100 ارب ‘ پارلیمنٹرین سکیموں کیلئے 20 ارب روپے اور گیس انفراسٹرکچر کیلئے 20 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق مختلف وزارتوں اور اداروں کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1.8 کھرب روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم وزارت خزانہ نے 800 ارب روپے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ آئندہ بجٹ 2016-17 ء میں ملک کیلئے 1.675 کھرب روپے مختص کرنے کی تجویز دے دی ہے اور اقتصادی ترقی کی شرح نمو 5.7 فیصد رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح سب سے زیادہ سڑکوں کیلئے 190 ارب روپے‘ اور بجلی کیلئے 130 ارب روپے مختص کرنے بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال 2016-17 ء کے ترقیاتی فنڈز میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 161 ارب روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس 1514 ارب روپے ترقیاتی بجٹ مقرر کیا گیا تھا جبکہ آئندہ مالی سا ل کے ترقیاتی بجٹ 1675 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے اسی طرح وفاقی ترقیاتی منصوبہ میں 100 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے صنعتی ترقی کا ہدف 7.69 فیصد ‘ زراعت 4.83 فیصد‘ خدمات کا ہدف 5.73 فیصد مقرر کیا گیا ہے ۔ این ایچ اے کیلئے190 ‘ بجلی کیلئے 130 ‘ آئی ڈی پیز کیلئے 100 ‘ ریلوے 40 ‘ پانی ریزرو کیلئے 31 ‘ وزارت داخلہ کیلئے 9.7 ‘ ہائیر ایجوکیشن کیلئے 21 ‘ نیشنل ہیلتھ سروسز کیلئے 25 ‘ اٹامک انرجی کیلئے 27 ‘ وزارت سیفران کیلئے 21 ‘ وزیراعظم یوتھ پروگرام کیلئے 100 ‘ پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے 20 ‘ پورٹس اینڈ شپنگ 12 ارب اور کشمیر ‘ گلگت بلتستان کیلئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔