بجٹ میں تعلیم اور صحت بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں :عمران خان
پشاور(این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں تعلیم اور صحت بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں ، سیاحت کوفروغ دیکر صوبے کے آمدنی میں اضافہ کیاجائے گا۔پانامہ لیکس معاملے کومنطقی انجام تک پہنچائینگے ۔اس ایشو کواٹھاکرعوام کی عدالت لیکرجائینگے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپور مہم چلائی جائے گی ۔ تمام سیاسی جماعتیں یاد رکھیں کہ حکومت کیخلاف ان کے پاس احتجاج کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ورنہ جوبھی حکومت کا ساتھ دیگا مولانافضل الرحمن کی کھاؤپلاؤپارٹی کی طرح بے نقاب ہوجائیگا۔پشاورمیں صحافیوں کے ساتھ غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ خیبرپختونخواپولیس ان طالبان سے لڑرہی ہے جو امریکہ کیخلاف برسرپیکارہے پنجاب پولیس کو شریف برادران اوراسکے قریبی ٹولے نے اتنانقصان پہنچایاہے کہ وہ طالبان توکیا چھوٹوگینگ پربھی قابونہیں پاسکتی ۔پانامہ لیکس صرف پاکستان کا نہیں پوری دنیاکامسئلہ ہے نوازشریف کا نام اگر اس میں نہ ہوتا توپانامہ لیکس ہمارے ملک میں کوئی اتنابڑایشونہیں لیکن اقتدارمیں ہوتے ہوئے نوازشریف نے دس سالوں میں ایک سے لیکر تیس فیکٹریاں بنائیں آف شورکمپنیاں اس کے علاوہ ہیں وزیراعظم اور اس کے خاندان کے دیگر افراد کے بیانات میں تضاد ہے وزیراعظم اسمبلی میں آکر 2005 کی جھوٹی کہانیاں سناکراپنے آپ کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں پارلیمنٹ کے ذریعے جوٹی اوآرزبنیں گی اسی کے ذریعے تحقیقات ہونگی ورنہ نوازشریف کے خلاف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپورمہم چلائی جائے گی