شیڈول کے برعکس بجلی کی زائد بندش ،جنوبی پنجاب میں لوڈ شیڈنگ صورتحال گھمبیر ہو گئی
ملتان،لودھراں(سٹاف رپورٹر،نمائندگان)ملتان سمیت جنوبی پنجا ب میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ‘ملتان میں شیڈول سے زائد بجلی بند کی جارہی ہے‘ میپکو ریجن کے دیہات میں تو برا حال ہے‘لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ گیا ‘بچے ‘معمر افراد ‘مریض لوڈ شیڈنگ میں تڑپتے ہیں۔کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا‘عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جائے۔ملتا ن کے مختلف علاقو ں میں رات کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام اذیت میں مبتلا ہو گئے ‘شہر کے مختلف علاقوں میں رات کو ساڑھے12بجے سے لے کر ڈیڑھ بجے تک بجلی بند کی جاتی ہے جس کے باعث لوگ نیند سے جاگ جاتے ہیں‘گرمی میں ایک گھنٹہ اذیت میں گزارنے کے بعد بھی مائیں بچوں کو چپ کرانے کی کوشش میں لگی رہتی ہیں ‘خاص طور پر اندرون شہر مکینوں کو شدید پریشانی(بقیہ نمبر29صفحہ12پر )
ہوتی ہے ۔بجلی بند ہونے کے باعث حبس اور گرمی سے برا حال ہو جاتا ہے‘عوام نے حکومت سے استد عا کی ہے کہ خصوصاً رات کو بجلی بند نہ کی جائے۔ملتان کے مختلف فیڈرز پر ٹرپنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا‘نواں شہر سب ڈویژن شاہ رکن عالم سی بلاک سمیت مختلف فیڈرز ہر 15سے 20منٹ کے بعد ٹرپ کر جاتے ہیں جس کے باعث عوام اذیت میں مبتلا ہیں ‘دفاتر میں کام متاثر ہوتا ہے‘ گھروں میں بھی اہلخانہ پریشان ہیں‘میپکو حکام کے دعووں کے باوجود یہ مسئلہ برقرار ہے ‘ صارفین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لے کر اقدامات کریں۔علاوہ ازیں لودھراں سے نامہ نگار ،نمائندہ پاکستان کے مطابق پانچ دنوں سے مسلسل بجلی کی بندش پر گوگڑاں کے سینکڑوں علاقہ مکینوں نے راؤ عبدالجبار وائس چیئر مین یونین کونسل کی قیادت میں بہاولپور بائی پاس میلاد چوک کے مقام سے موٹر وے کورکاوٹیں کھڑی کر کے بلاک کردیا اور وپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ پانچ دنوں سے بجلی بند ہے اگر کچھ دیر کے لئے آتی ہے تو وولٹیج220کی بجائے صرف 100 ہوتے ہیں وولٹیج کم ہونے کے باعث ہماری موٹریں اور برقی آلات کا کافی نقصان ہو چکا ہے ۔دو گھنٹے تک موٹر وے بلاک ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوگیا اور سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی لائینیں لگ گئیں ۔موٹر وے بلاک کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او اسد سرفرازخاں موقع پر پہنچ گئے اور مسئلہ کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے موٹر وے کو ٹریفک کے لیے کھلوا دیا اس سلسلہ میں جب ایکسئن عبدالرووف سنگھیڑا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گوگڑاں میں بجلی کی سپلائی کی عدم فراہمی کے کسی بھی واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ۔