ماہ صیام ‘ ڈیرہ اور راجن پور میں انتظامات مکمل
ڈیرہ غازیخان ‘ راجن پور ( بیورو رپورٹ ‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عبدالفتاح ہلیو نے کہا ہے کہ حکو مت پنجاب کی ہدایت پرماہ صیام میں شہریوں کو سستے داموں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے انتظا مات مکمل کرلئے‘ماہ صیام میں سستے رمضان بازاروں میں صاف اور معیاری اشیاء فراہم کی جائیں گی۔
سستے رمضان بازاروں میں شہریوں کے لئے بجلی ،پانی اور سایہ کاانتظام بھی کیا گیا۔ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے عارضی پارکنگ اسٹینڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے یہ بات اُنہوں نے ایک ملاقات کے دَوران کہی اُن کا کہنا تھا کہ راجن پور شہر میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ دریں اثناء .رمضان بازارو ں میں آٹا ، چینی ، گھی ،انڈے ، سبزیاں ، پھل اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دی جا رہی ہے . اس حوالے سے ڈسٹرکٹ آفیسر کوآرڈینیشن ڈیرہ غازیخان میاں محمد اقبال مظہر نے بتایا کہ ضلع میں چار رمضان بازار ، 72فیئر پرائس شاپس ، چار گرین چینلز قائم کیے جارہے ہیں ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم قائم کر کے رمضان بازارو ں کیلئے منیجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے دی . میاں محمد مظہر اقبال نے کہاکہ رمضان بازاروں سمیت عام مارکیٹ میں حکومت کے مقررکردہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کر دیا. این جی اوز او رمخیر حضرات کے تعاون سے کالج روڈ بلاک نمبر 5،ٹیچنگ ہسپتال ، جامع مسجد چوک ، ریلوے سٹیشن ، مسجد اہلحدیث ،جنرل بس سٹینڈ اور مسجد گولائی کمیٹی ڈیرہ غازیخان سمیت اہم مقامات پر مدنی دسترخوان قائم کیے جارہے ہیں . ڈی او سی نے بتایا کہ کنٹروم روم میں ماہ صیام کے دوران عوامی شکایات کے اندراج اور ازالہ کو یقینی بنایا جائے گا۔