چارسدہ ، اشتہاریوں کے ٹھکانے پر چھاپہ ، فائرنگ ، 3اشتہاری سگے بھائی ہلاک

چارسدہ ، اشتہاریوں کے ٹھکانے پر چھاپہ ، فائرنگ ، 3اشتہاری سگے بھائی ہلاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 چارسدہ (بیورورپورٹ) تحت بھائی روڈ پر چارسدہ اور مردان پولیس کا اشتہاریوں کے ٹھکانے پر چھاپہ ۔دو طرفہ فائرنگ میں تین اشتہاری سگے بھائی ہلاک جبکہ ایک اشتہاری گرفتار۔ اشتہاریوں کے ٹھکانے سے بھاری اسلحہ برآمد ۔آئی جی خیبرپختونخوا اور ڈی آئی جی کا کامیاب آپریشن پر چارسدہ اور مردان پولیس کو خراج تحیسن ۔آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس آفسران اور جوانوں کیلئے انعامات دینے کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کو تحت بھائی روڈ پر ساڑو شاہ کے قریب خطرناک اشتہاری مجرمان کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر چارسدہ اور مردان پولیس کی بھاری نفری نے اشتہاریوں کے ٹھکانے پرچھاپہ مارا مگر اشتہاریوں نے مذاحمت شروع کرکے پولیس پر فائر کھول دیاجس پر پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی اور اشتہاریوں کے ٹھکانے پر چاروں اطراف سے پیش قدمی کرکے دھاوا بول دیا ۔ پولیس مقابلے میں تین اشتہاری شاہد ،ساجد اور اشفاق پسران غاورسکنہ دوسہرہ ہلاک ہو گئے جبکہ ایک اشتہاری مجرم امجد کو گرفتار کیا گیا ۔ تینوں مقتولین آپس میں سگے بھائی تھے جبکہ گرفتار اشتہاری بھی مقتولین کا بھائی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اشتہاری قتل اقدام قتل ،بھتہ خوری اور درجنوں دیگر سنگین جرائم میں چارسدہ اور مردان پولیس کو مطلوب تھے ۔ گرفتار اشتہاری مجرم امجد کے حوالے سے معلو م ہوا ہے کہ اُنہوں نے سیکورٹی فورسز کی ملازمت چھوڑ کر جرائم کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے کافی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ قانونی کاروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولین کی نعشوں کو لواحقین کے حوالے کیا گیا ۔دوسری طرف آئی جی خیبرپختونخوا ناصر خان درانی اور ڈی آئی جی مردان طاہر خان نے کامیاب آپریشن پر پولیس آفسران اور جوانوں کو خراج تحیسن پیش کرکے اُن کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا۔