پشاور کینٹ میں تجاوزات کا خاتمہ، غیر قانونی تعمیرات مسمار

پشاور کینٹ میں تجاوزات کا خاتمہ، غیر قانونی تعمیرات مسمار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( پاکستان نیوز)گزشتہ روز کنٹونمنٹ بورڈ پشاورانتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عاد ل رفیع صدیقی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ہی اولین تر جیح ہے، گزشتہ کئی ہفتوں سے سیکیورٹی سے متعلق دہشتگردی کی اطلاعات کے مدِ نظرسیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے پارکنگ سٹینڈ بالمقابل شفیع مارکیٹ اور اسی پارکنگ میں ٹینکی کے نیچے خود ساختہ نماز پڑھنے کی جگہ نہایت حساس قرار دی گئی تھی۔جس کے خلاف کارروائی کر کے گزشتہ روز26/05/2016کو منہدم کیا گیا اور یہ اقدام قانونی تقاضوں کے عین مطابق تھا، نماز پڑھنے کی یہ جگہ جو کہ عوام کی خود ساختہ تھی، کے بارے میں نہ تو کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کو کوئی اطلاع کی گئی تھی اور نہ ہی متعلقہ اداروں سے کسی قسم کی NOCلی گئی تھی۔ یاد رہے کہ اس غیر قانونی جگہ سے 80گزسے 100گز کے فاصلے پر مشہور مساجد درویش مسجد اور سنہری مسجد واقع ہیں، تاہم اس جگہ سے شدیدسیکیورٹی خطرات لاحق تھے، علاوہ ازیں ایک اور خود ساختہ جگہ جو کہ شامی روڈ میں ایک پبلک پارک سے ملحقہ تھی کو بھی منہدم کیا گیا جو کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی ملکیتی زمین پر غیر قانونی تعمیر شدہ تھی جس کے بالمقابل وسیع و عریض بلال مسجد واقع ہے۔ کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ پشاور کنٹونمنٹ میں جتنی بھی مساجد ہیں ، ان کیلئے بورڈ کے مشترکہ اجلاس میں ایک ریگولیٹری کمیٹی بنائی گئی ہے، جو کہ علاقہ معززین کی مشاورت سے سیکیورٹی خطرات و خدشات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مساجد کے انتظام کیلئے ضابطہ بنائے گی۔ مزید بتاتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ سکولوں کی سیکیورٹی بھی بڑھادی گئی ہیں تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقع سے ہر وقت نمٹا جا سکے۔