بلاک شناختی کارڈز پر جاری ایک ملین سمیں استعمال کئے جانیکا انکشاف
اسلام آباد(ویب ڈیسک) دو لاکھ سے زیادہ بلاک شدہ شناختی کارڈز پر جاری ایک ملین سمیں بدستور استعمال کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں دو لاکھ پانچ ہزار جعلی شناختی کارڈز بلاک کئے گئے۔ ان پر جاری موبائل فون سمز بدستور ایکٹو ہیں۔ نادرا اور پی ٹی اے میں ڈیٹا شیئرنگ نہ ہونے کے باعث مشکوک سمز سکیورٹی کے لئے خطرہ بن گئیں۔موبائل فون سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد 2015ءمیں 94 ہزار، 2016ءمیں ایک لاکھ گیارہ ہزار سے زائد مشکوک شناختی کارڈز بلاک کئے گئے۔ تاہم ان شناختی کارڈز پر لی گئی موبائل فون سمز تاحال استعمال کی جا رہی ہیں۔ سمز بند نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ نادرا اور پی ٹی اے میں ڈیٹا شیئرنگ کا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔پی ٹی اے رولز کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر پانچ سمیں جاری ہو سکتی ہیں۔ دو لاکھ سے زائد بلاک شناختی کارڈز پر جاری لاکھوں سمیں غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو سکتی ہیں۔