شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین کو رگڑنے کے چکر میں حکومتی زبان بول رہے ہیں: ہارون الرشید
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی، کالم نگار و تجزیہ کار ہارون الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ملتان کے شاہ محمود قریشی لودھراں کے جہانگیر ترین کو رگڑا لگوانے کے چکر میں حکومتی زبان بول رہے ہیں کہ احتساب سب کا ہوناچاہیے ، سینکڑوں لوگوں کا احتساب کیسے ہوسکتاہے ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر ہر فریق کا موقف بہت ہی واضح ہے اور تمام سیاسی پارٹیاں، فوج، میڈیا اور عوام احتساب چاہتے ہیں ۔ پی ٹی آئی احتساب کے معاملے میں سب سے پیش پیش ہے اور سب سے پہلے وزیر اعظم کا احتساب چاہتی ہے لیکن اب شاہ محمود قریشی بھی حکومتی زبان بولنے لگے ہیں اور صرف جہانگیر ترین کو لپیٹ میں لانے کیلئے کہہ رہے ہیں کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو نامز د کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے کیونکہ وہ ٹیم پلیئر نہیں ہے بلکہ اپنا گروپ بنانے کے چکر میں رہتا ہے ۔ پاناما لیکس کے معاملے پر احتساب تو ہوگا لیکن احتساب تک پہنچنے تک اس میں بہت سی تبدیلیاں آئیں گی اور پی پی کا مستقبل واضح ہوگا جبکہ اس معاملے کے آخر میں شاہ محمود قریشی کا نام خراب ہوگا۔