وفاقی حکومت میں دہشتگردوں کے حامی موجود ہیں:پیپلز پارٹی کا نوازشریف سے سیاسی اتحاد ممکن نہیں، مولابخش چانڈیو
حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی معجزات دکھاتے رہتے ہیں لیکن اس وقت صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ نوازشریف سے سیاسی اتحاد ممکن نہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اگر وزیر اعظم کی غیر موجودگی میں چوہدری نثار وزیراعظم بن جائیں تو بھی پیپلزپارٹی کوکوئی فرق نہیں پڑتا۔ وفاقی حکومت میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو دہشت گردوں کے حمایتی ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں عوام دوست نہیں تو ان کا بجٹ کیسے عوام دوست ہوسکتا ۔وزیر مملکت عابد شیر علی وزیر اعظم کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہیں ملک کے بڑے صوبے کےلئے پالیسیاں کچھ اور ہیں اور دوسرے صوبوں کے لئے کچھ اور۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بہترین شخصیت کے مالک ہیں لیکن نااہل مشیروں کے کہنے پر سیاسی غلطیاں کرتے ہیں۔