نگران وزیر اعظم کی کوئی ضرورت نہیں ہے :ایاز صادق
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کی کوئی ضرورت نہیں ،نواز شریف بجٹ اور دیگر امور سے متعلق وڈیو لنک پرخطاب کریں گے ۔لاہور میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نگران وزیر اعظم سے متعلق نہ تو کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کل اسکائپ پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کرحل نکالنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ایاز صادق نے کہا کہ ٹی او آرز کی پہلی میٹنگ میں موجودتھا جہاںتجویز دی تھی کہ کوئی بھی فیصلہ ہونے تک میڈ یا سے گفتگو نہ کی جائے ۔ان کا کہنا ہے کہ ٹی او آرز کے معاملے پر فریقین کی نیت مثبت ہے ۔تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعاءبھی کی گئی ۔