نوازلیگ اپنی نااہل حکومت اور ناکام معاشی پالیسیوں کا بوجھ دھرنے پرنہیں ڈال سکتی:نعیم الحق
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پالستان تحریک انصاف کے نعیم الحق نے کہا ہے کہ جمہوریت میں عوام سڑکوں پر نکل کر حکومت کی پالیسیوں پر اپنا ردعمل ریکارڈ کراتے ہیں،دھاندلی کے خلاف 126 روزہ دھرنے سے پاکستان میں پر امن احتجاج کی نئی تاریخ رقم ہوئی، نواز لیگ اپنی نااہل حکومت اور ناکام معاشی پالیسیوں کا بوجھ دھرنے اور پر امن احتجاج پر نہیں ڈال سکتی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ کیا پرویز رشید چاہتے ہیں کہ عوام پر امن احتجاج کا راستہ چھوڑ کر لاٹھی اور بندوق کے ساتھ حکومت کے خلاف نکلیں؟جمہوریت میں عوام سڑکوں پر نکل کر حکومت کی پالیسیوں پر اپنا ردعمل ریکارڈ کراتے ہیں،حکومت کے وزرا کو پر امن سیاسی سرگرمیوں پر احتساب کے خوف کے علاوہ کیا اعتراض ہو سکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتیں پر امن احتجاج کو اپنا قبلہ درست کرنے کیلئے ایک موقع کے طور پر استعمال کرتی ہیں، آمرانہ حکومتیں عوام کے سڑکوں پر نکلنے سے خوفزدہ رہتی ہیں، آئی ایم ایف سے بجٹ بنوانے، غریب کسانوں کے معاشی قتل عام اور دنیا بھر سے قرضے اکٹھے کرنے کیلئے حکومت کو کس نے مجبور کیا؟زراعت کا جنازہ نکلے یا نون لیگ معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہو سب حکومت کی نااہلی کا ثمر ہے۔