دوسرا ٹیسٹ: سری لنکن بلے باز کھیلنا ہی بھول گئے:دوسری اننگ میں مزاحمت کے باوجود ایک اور شکست یقینی
چیسٹر لی سٹریٹ(نیو زڈیسک)برطانیہ میں سری لنکا کے بلے باز کھیلنا ہی بھول گئے ہیں۔انگلینڈ کیخلاف چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں ایک بار پھر سری لنکا کی شکست یقینی ہوگئی ہے۔تیسرے روز سری لنکا کی ٹیم نے فالو آن کے بعد دوسری اننگ میں کچھ مزاحمت تو دکھائی لیکن یہ مزاحمت ان کو شکست سے بچانے میں کامیاب نظر نہیں آرہی۔تیسرے روز آئی لینڈرز نے پہلی اننگ 91/8پر شروع کی اور صرف دس رنز کے اضافے کے بعد ٹیم 101رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔براڈ نے چار جبکہ اینڈرسن اور ووکس نے تین تین کھلاڑی آوٹ کئے۔فالو آن کے بعد سری لنکا کے بلے بازوں نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا ۔سلوا نے 60اور کپتان متھیوز نے 80رنز بنائے۔کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے دوسری اننگ میں پانچ وکٹوں پر 309رنز بنا لئے تھے۔ اس وقت چندیمل 54اور سریوردھنا35پر ناٹ آوٹ ہیں۔ اب بھی سری لنکا کو اننگ کی شکست سے بچنے کیلئے 88رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔