جے یو پی نظام مصطفی کے منشور پر الیکشن لڑے گی،شاہ اویس نورانی

جے یو پی نظام مصطفی کے منشور پر الیکشن لڑے گی،شاہ اویس نورانی

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ جے یو پی نظام مصطفی کے منشور پر الیکشن لڑے گی ۔ رمضان میں افطار پارٹیوں کے ذریعے رابطہ عوام چلائی جائے گی۔ عالم اسلام کو شیعہ سنی بلاک میں تقسیم کرنے کی عالمی سازش گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ جے یو پی لاہو ر کے صدر بشیر احمد نظامی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حکمران اور سیاستدان عوام کو بھول کر اپنی اپنی بقاء کی جنگ میں مصروف ہیں۔ پاکستان مسلم ممالک میں تفریق نہیں اتحاد کا داعی بنے۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ نئے بجٹ میں چھوٹے سرکاری ملازمین کو کچھ نہیں ملا۔ حکومت ملک بھر میں احترام رمضان یقینی بنائے اور مساجد کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ نظام مصطفی ہی محروم و مظلوم طبقات کا سہارا بن سکتا ہے۔ کرپٹ اشرافیہ کو نظام مصطفی وارا نہیں کھاتا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1