سیکرٹری صحت پروٹوکول کے بغیر لیڈی ایچی سن ہسپتال پہنچ گئے ، غیر حاضرڈی ایم ایس کے خلاف کارروائی ، نرس کی تعریف

سیکرٹری صحت پروٹوکول کے بغیر لیڈی ایچی سن ہسپتال پہنچ گئے ، غیر حاضرڈی ایم ...

لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈکیئر میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے گذشتہ رات لیڈی ایچ سن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔ سیکرٹری ہیلتھ بغیر اطلاع کے ہسپتال پہنچے او رکافی دیرتک اکیلے ہی ہسپتال کے مختلف حصوں میں گھومتے رہے اور کافی دیر کے بعد ہسپتال کا عملہ انہیں پہچان سکا ۔نجم احمد شاہ نے پرچی کاؤنٹر، ایمرجنسی ،نرسری ، آئی ٹی سیکشن ، بلڈ بنک، لیبارٹری اور لانڈری کامعائنہ کیا اور سٹاف سے معلومات حاصل کیں ۔ اس دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثمینہ نصیر سیکرٹری کی آمد کی اطلاع پر ہسپتال پہنچ گئیں۔نجم احمد شاہ نے دورے کے دوران جب نرسری میں داخل ہونا چاہا تو ڈیوٹی پر موجود نرس نے انہیں اندر آنے سے منع کردیا چنانچہ سیکرٹری ہیلتھ نے دروازے میں کھڑے ہو کر تفصیلات معلوم کیں ۔ بعدازاں سیکرٹری ہیلتھ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے سامنے مذکورہ نرس کی فرض شناسی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انفیکشن کنٹرول کے لئے متعلقہ ایس او پیز پر اسی طرح عمل ہونا چاہیے ۔ انہو ں نے ایم ایس کو کہاکہ مذکورہ نرس کو ان کی جانب سے تعریفی لیٹر جاری کیاجائے ۔سیکرٹری ہیلتھ نے شام کی شفٹ میں ڈی ایم ایس کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مذکورہ افسرکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ انہو ں نے ہسپتال کا نظام آئی ٹی پر چلانے پر ہسپتال انتظامیہ کی تعریف کی اور ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا ۔ نجم احمد شاہ نے بلڈ بنک میں بلڈ بیگز سٹور کرنے کیلئے رکھے گئے فریج کا درجہ حرارت بھی چیک کیا ۔ انہو ں نے ہسپتالوں میں ریسکیو 1122 ایمرجنسی کاؤنٹر قائم کرنے اور صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1