صوبائی دارالحکومت، ماہ رمضان شروع ہوتے ہی 10سے زائد نقب زن گروہ سر گرم

صوبائی دارالحکومت، ماہ رمضان شروع ہوتے ہی 10سے زائد نقب زن گروہ سر گرم

لاہور(لیاقت کھرل) ماہ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی شہر کی اہم مارکیٹوں، تجارتی سنٹروں، رمضان بازاروں اور مساجد کے باہر سے گاڑیاں اور موٹر سائکلیں چوری کرنے والے 10سے زائد گروہ سرگرم ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی شہر میں بڑے پیمانے پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے اور چھیننے میں ماہر10سے زائد گروہ کے ارکان سرگرم ہوگئے ہیں۔نقب زن گروہ کے ارکان نے صدر ڈویژن، سٹی ڈویژن اور کینٹ ڈویژن میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پہلے روزے کے دوران شہر سے سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں۔ کیولری گراؤنڈ کی خالد مسجدسے ملحقہ پارکنگ سے 48گھنٹوں کے دوران 3موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئی ہیں اسی طرح شادمان رمضان بازار اور وحدت روڈ رمضان بازار سے موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں ذرائع نے بتایا ہے کہ ماڈل ٹاؤن اور صدر ڈویژن میں کاراور موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان اور کے پی کے سے بتایا گیا ہے اور انھیں کار چوروں اور موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہ کے ارکان بھی شہر کے دیگر علاقوں میں وارداتیں کررہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے گذشتہ 48گھنٹوں کے دوران شہر سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے گروہوں کے بارے بتایا گیا ہے کہ انھوں نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات اہل کاروں سے بھی اندر کھاتے تعلقات قائم کر رکھے ہیں اور گاڑی چوری کرنے کے 10منٹ بعدداخلی اور خارجی راستوں سے ہوتے ہوئے موٹر وے کے ذریعے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوجاتے ہیں۔ لاہور پولیس کے ایک ایس پی کاکہنا ہے کہ لاہور میں 2700سے زائد مساجد جن میں سے 208مساجد کی ڈیوٹی پر زیادہ سے زیادہ اہلکار تعینات ہیں۔ شہریوں کو تعاون کرنا چاہیے اور اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارکنگ سٹینڈز پر پارک کرنی چاہیے جس سے گاڑی چوری ہونے سے بچ سکے گی۔

مزید : علاقائی