آخری بجٹ بھی فراڈ، الیکشن خریدنے کیلئے اربوں روپے رکھ دئیے، پرویز الٰہی
لاہور(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی کے سیکرٹری(بقیہ نمبر38صفحہ7پر )
جنرل طارق بشیر چیمہ ایم این اے کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکمرانوں کے آخری وفاقی بجٹ کو بھی سراسر دھوکہ اور فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن خریدنے کیلئے ہزار ارب روپے ن لیگیوں کیلئے ترقیاتی فنڈز کے نام پر رکھ دئیے گئے ہیں، 341 ارب کے کسان پیکیج کا اعلان کر کے صرف 20 ارب جاری کیے وہ بھی ن لیگی اور پٹواری کھا گئے، مودی کو خوش کرنے کیلئے بھارتی کسان کو خوشحال ہمارے کسانوں کو بدحال کر رہے ہیں، پینے کے پانی کیلئے صرف 12 ارب جبکہ لیپ ٹاپ کیلئے 21ارب، کارکردگی زیرو پھر بھی دونوں بھائی ہیرو ہیں، طائر لاہوتی کا راگ الاپنے والوں نے ملک قرضوں میں ڈبو دیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، مہنگائی میں اضافہ 50فیصد جبکہ تنخواہ میں صرف 10فیصد اضافہ کا اعلان کیا ہے، اسحاق ڈار 15ہزار میں گھر کا بجٹ بنا کر دکھا دیں، حکمرانوں کا مزدوروں کیلئے 18ہزار تنخواہ کا وعدہ بھی جھوٹ نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کسانوں پر ظلم بند کر دیں، ایوان میں کسان پیکیج کا کہتے اور باہر ڈنڈے برساتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں کمی ہوئی ہے، 2008ء میں ہمارے دور میں دفاعی بجٹ جی ڈی پی کا 6ء2 فیصد تھا جو انہوں نے کم کر کے 7ء1 فیصد کر دیا ہے جو ہمارے دور کے بجٹ سے 35 فیصد کم ہے، نوازشریف یہ شعر پڑھتے ہیں ’’اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی، جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی‘‘ لیکن غیرملکی قرضہ ہمارے دور سے دوگنا ہو کر 71ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر چلا گیا ہے اور ہر پاکستانی 1 لاکھ 13ہزار روپے کا مقروض ہے۔