پنک ربن آگاہی مہم کے سلسلہ میں خواتین کالج شاد باغ کی تیسری پوزیشن

پنک ربن آگاہی مہم کے سلسلہ میں خواتین کالج شاد باغ کی تیسری پوزیشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے طالبات میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے پنک ربن کیمپیئن کا آغاز کیا تھا جس میں تمام پاکستان کے کالجز اور یونیورسٹیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا ۔ جس میں کالجز کو فنڈ ریزنگ کے ساتھ ساتھ مختلف ٹاسک بھی دیے گئے تھے۔ جن کی مناسبت سے تمام کالجز نے مختلف پروگرامز تشکیل دیے اور پنک ربن کے حوالے سے خواتین میں آگاہی کے حوالے سے کردار ادا کیا۔ کالجز کی سطح پر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین شاد باغ لاہور نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جس پر پرنسپل مسز روبینہ سیف نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ انکا کالج آئندہ بھی اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس کامیابی کی مناسبت سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویشن کالج برائے خواتین شاد باغ میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

جس میں طالبات کے ساتھ ساتھ والدین اور علاقی کی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب کی خاص بات پری فرسٹ ائیر کی طالبات کی پر جوش انداز میں شرکت تھی ۔ طالبات نے رمضان المبارک کی مناسبت سے حمدیہ اور نعتیہ کلام پیش کیے ، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے بھر پور ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے آخر میں پرنسپل مسسز روبینہ سیف نے طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کی لڑکی کل کی ماں ہے معاشرے کی تشکیل میں لڑکیوں اور بالخصوص پڑھی لکھی لڑکیوں کا اہم کردار ہے۔ ملک اسی صورت ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے جب لڑکیوں کو مساوی حقوق کے ساتھ ساتھ زندگی کی دوڑ میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ آکر میں انہوں نے طالبات میں سرٹیفیکیٹ اور انعامات تقسیم کیے۔