ووٹ کی عزت اسی صورت میں ممکن ہے کہ ووٹر کو بھی عزت دو،میاں افضل
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)ملی مسلم لیگ لاہور کے کنونیئر میاں افضل اکرم نے کہا کہ سیاست میں عوامی خدمت کا جذبہ بے حد ضروری ہے۔ ووٹ کی عزت اسی صورت میں ممکن ہے کہ ووٹر کی بھی عزت ہو۔ ہم پاکستان کو اسلام کا پاکستان بنائیں گے۔ جو قائد اور اقبال کے تصور کے عین مطابق ایک اسلامی فلاحی ملک ہوگا۔ 28مئی کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے دنیاوی خدواؤں کو کیسے انکار کرنا ہے ۔ اسی لیے اس دن کو یوم تکبیر کہا جاتا ہے۔ عوامی خدمت اور وطن عزیز کی نظریاتی اساس کا تحفظ ملی مسلم لیگ کی جیحات میں شامل ہیں۔وہ مزنگ کے مقامی ہال میں لاہور کے عہدے داروں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم ایم ایل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حارث ڈار بھی موجود تھے جبکہ شہر لاہور کے مختلف عہدیدان بھی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ غریب اور مظلوم کا ساتھ دیا۔
لیکن دشمنوں کو یہ بات ذرا برابر بھی برداشت نہیں۔ ہماری سیاسی سرگرمیوں سے لبرل ازم کا نعرہ لگانے والوں کی نیندیں حرام ہوچکی۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے پاکستان کا حق آج تک کوئی بھی حکمران ادا نہیں کر سکا۔ الٹا دشمن کا آلہ کار بن کر اس نظریے کو نوجوان نسل کے ذہنوں سے کھرچ کھرچ کر نکالا جارہا ہے۔ افضل اکرم نے کہا ہے قیام پاکستان سے تقریباً ایک ماہ قبل کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ سنا دیا تھا۔ بانی پاکستان نے بھی کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ مگر ہماری حکومتوں نے ان باتوں کا کوئی پاس نہ رکھا۔ نتیجہ آج مظلوم کشمیری ظالم ہندی فوج کے ظلم و ستم سہ رہی ہے۔ ہمیں آگے بڑھ کر کشمیریوں کے اس گمان کو سچ ثابت کر دینا ہے کہ دنیا میں ہم ان کے وکیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں نظریہ پاکستان اور کشمیر سے بے وفائی کرنے والوں کو پاکستانی عوام مسترد کردیں۔ایسے لوگوں کو ووٹ دینا کشمیریوں کی قاتل بھارتی فوج کا ساتھ دینے کے برابر ہے۔