الجزیرہ کی ویڈیو پرانی ہے، کرپشن سے تعلق نہیں، حسن رضا

الجزیرہ کی ویڈیو پرانی ہے، کرپشن سے تعلق نہیں، حسن رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (آئی این پی)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا نے کرپشن میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں بلاوجہ ان کا نام لیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ الجزیرہ ٹی وی نے گذشتہ دنوں ایک ویڈیو جاری کی جس میں ایک سٹنگ آپریشن کے دوران سابق انڈین کرکٹر رابن مورس کو انڈر کور رپورٹر کے ساتھ کرکٹ میچ میں پیسے بنانے کے طریقے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔حسن رضا نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وڈیو پرانی ہے جس میں وہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بارے میں ہونے والی میٹنگ سمجھ کر شریک ہوئے تھے لیکن ان کے مطابق بعد میں جب انھوں نے دیکھا کہ یہ معاملہ گڑ بڑ ہے تو وہ اس سے الگ ہو گئے تھے۔حسن رضا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ پوری گفتگو میں شریک نہیں ہوئے اور تمام وقت خاموش رہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کے مطابق انھیں جب معلوم ہوا کہ عجمان میں ہونے والے ایک ٹورنامنٹ میں مبینہ طور پر گڑبڑ ہو سکتی ہے تو انھوں نے اس بارے میں آئی سی سی کو مطلع کر دیا تھا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ حسن رضا کے مبینہ طور پر ملوث ہونے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ اس سلسلے میں تمام ضروری معلومات حاصل کر رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے حسن رضا کو طلب کیے جانے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔