پرائس مجسٹریٹوں کے 1043چھاپے ، 62گرانفروشوں کو گرفتار کر لیا ، 23کو سیدھا جیل بھیج دیا
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہورسمیر احمد سید کی ہدایت پرپرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر بھر میں گرانفروشوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کو جاری رکھااور کارروائی کرتے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے1043مقامات پر چھاپے مارے اور گرانفروشی کرنے پر19دکانداروں کے چالان کیے جبکہ 24,000روپے کے جرمانے عائد کیے گئے،44افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے اور مجموعی طور پر62افراد کو گرفتار کروایا گیا۔23 افراد کو موقع پر سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا۔ ڈ پٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ شہر بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری طرح متحرک ہیں اور کسی کوبھی گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید نے مزید کہا آئند دنوں میں رمضان بازاروں،سپر مارکیٹس،تجارتی مراکزسمیت گلی محلوں کی سطح پر بھی آپریشن میں تیزی لائی جائے گی اور عوام کی جیبو ں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔اس حوالے سے موقع پر موجود شہریوں نے چھاپہ مار ٹیموں کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے گلی محلوں کی سطح پر بھی چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کرنے کی اپیل کی ۔ دریں اثناء چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے غالب مارکیٹ گلبرگ رمضان بازار کا تفصیلی دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا، پھلوں کی معیار کے برعکس قیمتوں پر فروخت کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی موجودگی میں ریٹ لسٹ دوبارہ مرتب کرائی ،کم تولنے اور گراں فروشی پر چار دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا۔