غیر ملکی فنڈنگ ، پی ٹی آئی نے سکروٹنی کمیٹی کے اعتراضات پر جواب دیدیا
اسلام آباد(آئی این پی )تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ پر بنائی گئی سکروٹنی کمیٹی کے ٹی او آرز پر اعتراضات پر تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا،کیس کی سماعت کے دوران بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی کے ٹی او آرز سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف ہیں،پی ٹی آئی کو 2009 سے 2013 تک اکاو نٹس کی چھان بین پر کوئی اعتراض نہیں،اکاونٹس کی سکروٹنی شفاف ہونی چاہیے،عمران خان اور تحریک انصاف کوالیکشن کمیشن کے سکروٹنی اختیار پر کوئی اعتراض نہیں، کسی فرد کو پارٹی میں شامل کرنا نکالنا پارٹی کا اختیار ہے،الیکشن کمیشن کسی پارٹی کے اکاو نٹس کی چھان بین تیسرے فریق کے سامنے نہیں کرسکتا، درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل احمد منصور نے دلائل دیتے ہوئے بتایاکہ تحریک انصاف پارٹی کارکنان کو نکالنے کیلئے بھی کوئی ثبوت نہیں دے سکی۔تحریک انصاف اکبر ایس بابر کو پارٹی سے نکالنے کا ثبوت دے۔پارٹی آئین کے مطابق بغیر کسی نوٹس کے کسی کو نکالا نہیں جا سکتا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پارٹی فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کے حق میں فیصلہ دیا تھا، الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کر دی۔