الیکشن عوام کیلئے امتحان ، اپنے ووٹ سے ملک کی تقدیر بدلیں : سراج الحق

الیکشن عوام کیلئے امتحان ، اپنے ووٹ سے ملک کی تقدیر بدلیں : سراج الحق

  



لاہور(این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نگران وزیر اعظم شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔آئندہ الیکشن عوام کے لیے ایک امتحان ہے وہ چاہیں تواپنے ووٹ سے اپنی اور ملک کی تقدیر بدل لیں اور چاہیں تو دوبارہ لٹیروں کو اپنی گردنوں پر سوار کر لیں۔70سال تک ملک کو اندھیر نگری بنانے والے پرانے کھلاڑی پھر منظم ہورہے ہیں اور وہ رنگ اور جھنڈ ے بدل کر ایک بار پھر لوٹنے کو تیار ہیں لیکن اب عوام چالیس چوروں کو جانتے اور پہنچاتے ہیں۔اب علی بابا بیدار اور ہوشیار ہوچکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کی اولین ذمہ داری ملک میں صاف شفاف اور ہر قسم کی دھاندلی سے پاک انتخابات کروانا ہے اگر وہ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے میں کامیاب رہے تو قوم ان کی احسان مند ہوگی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آنے والا الیکشن عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار سیکولر اور لبرل ازم کے ماننے والوں اور ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد کرنے والی دینی قوتوں کے درمیان ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں90فیصد عوام ملک میں شریعت کا نظام چاہتے ہیں۔ایم ایم اے اس اسلامی ووٹ کومتحد اور یکجا کرکے آنے والے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر