ماہ رمضان کا وہ بہترین عمل جس سے دیدار نبی ﷺ کرنے کی تمنا پوری ہوجاتی ہے

ماہ رمضان کا وہ بہترین عمل جس سے دیدار نبی ﷺ کرنے کی تمنا پوری ہوجاتی ہے
ماہ رمضان کا وہ بہترین عمل جس سے دیدار نبی ﷺ کرنے کی تمنا پوری ہوجاتی ہے

  



رمضان المبارک عبادات اور اللہ سے سب کچھ مانگنے کا مہینہ ہے ۔جو مسلمان اس ماہ مبارک کی عظمتوں سے مالا مال ہوکر فیض روحانیت حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں درود پاک بکثرت پڑھنا چاہئے ۔ہر مسلمان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے پیارے نبی کی زیارت کرسکے ،صالحین و علما حضرات کا اس بارے کہنا ہے کہ جو مسلمان دیدار نبی ﷺکا شائق ہو اسے درود پاک پڑھنا چاہئے ۔یہ درود پاک اس مقصد میں کامیابی کی نوید بن جاتا ہے ۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی رُوْحِ مُحَمَّدٍ فِی الْاَرْوَاحِ وَعَلٰی جَسَدِہٖ فِی الْاَجْسَادِ وَ عَلٰی قَبْرِہٖ فِی الْقُبُوْرِ۔۔ جو مسلمان باوضو ہوکر طاق عدد کے ساتھ پورے احتارم سے پڑھتے ہیں انہیں  خواب میں حضور سرور کونین ﷺکی زیارت نصیب ہوتی ہے  ۔شیخ عبدالحق محدث دہلوی ؒ نے اپنی کتاب ترغیب اہل السعادات میں لکھا ہے کہ شب جمعہ میں دو رکعت نماز نفل پڑھے اور ہر رکعت میں گیارہ بار آیۃ الکرسی اور گیارہ بار سورۂ اخلاص اور سلام پھیرنے کے بعد یہ درود شریف ایک سو مرتبہ پڑھے انشاء اللہ تین جمعہ نہ گزرنے پائیں گے کہ زیارت نصیب ہوگی۔ وہ درود شریف یہ ہے۔اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ   النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَاٰلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ وَسَلَّمْ۔

درود پاک کی فضیلت کے بارے میں بے شمار احادیث موجود ہیں۔ ایک روایت میں ہے کہ ایک روز نبی کریمﷺ کا چہرہ انور خوشی سے معمور تھا ۔ صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین نے عرض کیا "یارسول اللہ ﷺ جتنی خوشی آج چہرہ انور پر محسوس ہورہی ہے اتنی تو پہلے محسوس نہیں ہوتی تھی" حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا "مجھے کیوں نہ خوشی ہو‘ ابھی جبرائیل علیہ السلام میرے پاس سے گئے ہیں اور وہ یوں کہتے تھے کہ آپ ﷺ کی امت میں سے جو شخص ایک دفعہ بھی درودشریف پڑھے گا اللہ تعالیٰ اس کی وجہ سے دس نیکیاں اس کے نامہ اعمال میں لکھیں گے اور دس گناہ معاف فرمائیں گے اور دس درجے بلند کریں گے اور ایک فرشتہ اس سے وہی کہے گا جو اس نے کہا۔ حضور ﷺ فرماتے ہیں میں نے جبرائیل علیہ السلام سے پوچھا یہ فرشتہ کیسا ہے؟ تو جبرائیل علیہ السلام نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک فرشتے کو قیامت تک کیلئے مقرر کردیا ہے کہ جو آپ ﷺ پر درود بھیجے  گا اور کہے گا کہ تجھ پر بھی اللہ کی رحمتیں ہوں ۔پس ہم سب امتیوں  پر واضح ہونا چاہئے کہ درود پاک  کا ذکر کرنا ثواب تو ہے ،مگر اس سے آگے معرفت و عرفان کے راستے بھی اس کی تعمیل سے کھلتے اور حضور ﷺ خود اپنے عشاق کو اپنے دیدار سے فیض عطا فرماتے ہیں۔{پیر ابو نعمان رضوی سیفی فی سبیل للہ روحانی رہ نمائی کرتے اور دینی علوم کی تدریس کرتے ہیں ۔ان سے اس ای میل پررابطہ کیا جاسکتا ہے۔peerabunauman@gmail.com} 

مزید : Ramadan Page /Ramadan News /روشن کرنیں