لاہور ، مختلف علاقوں کی پولیس نے مطلوب اشتہاری ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا
لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے مختلف تھانوں کی پولیس نے ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث عرصہ سے مطلوب دو اشتہاری ملزموں کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سرور روڈ پولیس نے 16سال سے مطلوب اشتہاری اشرف عرف عامی کو گرفتار کر کے ہڈیارہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اشرف عرف عامی اشتہاری ملزم کو گرفتار کر کے ہڈیارہ پولیس کے حوالے کر دیا ۔پولیس کے مطابق اشرف ڈکیتی کے مقدمہ میں ہڈیارہ پولیس کو مطلوب تھا جس کے خلاف 16 سال قبل ڈکیتی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔دریں اثناء تھانہ جنوبی چھاؤنی نے پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم نعیم کو گرفتار کر کے سمن آباد پولیس کے حوالے کردیا۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سمن آباد پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم نعیم کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا پولیس کے مطابق نعیم ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔