سیاسی اتفاق رائے خوش آئند امید ہے ، ناصر الملک شفاف الیکشن کرائینگے

سیاسی اتفاق رائے خوش آئند امید ہے ، ناصر الملک شفاف الیکشن کرائینگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور،اسلام آباد ،پشاور( نمائندہ خصوصی،نیوزایجنسیاں) سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے جسٹس (ر ) ناصرالملک کا نام بطور نگران وزیراعظم سامنے آنے پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو ا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جسٹس ناصر الملک کے نام پر سیاسی اتفاقِ رائے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاقِ رائے آئین و جمہور کی حکمرانی کی جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اللہ کریم ناصر الملک کو بروقت آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کی توفیق عطا فرمائیں۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے نگران وزیراعظم کیلئے جسٹس (ر)ناصرالملک کے نام پر اعتماد کا اظہا ر کر تے ہوئے کہا ہے کہ میں جسٹس(ر)ناصرالملک کو نگران وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے جسٹس (ر) ناصر الملک کو نگران وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر الملک دھاندلی الزامات کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کر چکے ہیں اس لئے امید ہے کہ وہ ان تجربات کی روشنی میں ایسے شفاف انتخابات کرائیں گے جس کی وجہ سے عوام کا اس پراسس پر اعتماد بحال ہو ۔تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ناصر الملک کا نام پی ٹی آئی کا تجویز کردہ ہے، ناصر الملک اپنے تجربے کی بنیاد پر ایک شفاف الیکشن کروانے کیلئے بہترین ثابت ہوں گے، ناصر الملک 2013میں ہونے والی دھاندلی کیلئے بنائے جانے والے کمیشن کے سربراہ بھی تھے۔ پختونخواہ عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ناصرالملک کی بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی کو خوش اآئند قرار دیا ہے ۔جماعت اسلامی کی پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے جسٹس (ر)ناصرالملک کو بطور نگران وزیر اعظم قبول کرتے ہوئے مبارکباد پیش کیا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نگران وزارت عظمیٰ کے لئے جسٹس(ر) ناصر الملک کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الیکشن کے عمل کو کافی قریب سے دیکھا ہے امید ہے وہ بہتر کام کر سکیں گے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جسٹس (ر) ناصر الملک کو نگران وزیر اعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کی خاطر آگے بڑھنا ہو گا۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ جسٹس(ر)ناصرالملک کی نگراں وزیراعظم نامزدگی خوش آئند ہے ٗامید ہے کہ وہ اہم قومی ذمہ داری کواحسن طریقے سے نبھائیں گے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئر مین سید پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے نگران وزیراعظم کے لئے سابق چیف جسٹس، جسٹس(ر) ناصر الملک کے نام پر اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے جسٹس (ر) ناصر الملک کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جسٹس (ر)ناصر الملک بطور نگران وزیراعظم انتخابات کو شفاف بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کے ملکی اقتصادی صورتحال کو بھانپتے ہوئے کسی ماہر معاشیات کو نگران وزیر اعظم منتخب کیا جاتا لیکن حکومت تو پیپلزپارٹی کے علاوہ اور کسی جماعت سے مشاورت ہی نہیں کرتی ۔
حکومتی و اپوزیشن ارکان

مزید :

علاقائی -