جتنا مذاق طہارہ ہائی جیک کیس تھا اتنا ہی مضحکہ خیز موجود مقدمہ : نواز شریف
اسلام آباد،لاہور(آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جتنا مذاق طیارہ ہائی جیک کیس تھا اتنا ہی مضحکہ خیز موجودہ مقدمہ ہے، قوم طیارہ ہائی جیک کیس کو مانتی ہے اور نہ ہی موجودہ کیس کو، کچھ عرصہ اور لگے گا، میرے بیانیے اور موقف کی ہی جیت ہوگی، مسلم لیگ(ن)ہی واحد جماعت ہے جس نے کام کیا، دوسری جماعتوں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، خود عمران خان بتائیں آج تک کون سا منصوبہ مکمل کیا، کارکردگی مرکز کی ہی ہے جس نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا،ہمیں کام کیلئے صرف ڈیڑھ دو سال ملے، اگر پورے 5سال ملتے تو اور کام کرتے ،نگراں وزیراعظم کیلئے ہم نے اچھے نام دئیے، ہم ایسا نام نہیں دے سکتے جسے عوام قبول نہ کرے۔ پیر کو احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرے اٹک قلعہ میں طیارہ ہائی جیک اور اس کیس میں موقف ایک ہی ہے، 1999ء میں نکالے جانے کی وجوہات یہی تھیں اور آج بھی یہی ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے ہائی جیکنگ پر سزا سنائی گئی، وہ ایسا ہی ہے جیسے آج تنخواہ پر فارغ کیا گیا، قوم طیارہ ہائی جیک کیس کو مانتی ہے اور نہ ہی موجودہ کیس کو، سابق وزیراعظم نے کہا کارکردگی مرکز کی ہی ہے جس نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، سی پیک لائے، بڑے بڑے موٹر ویز بنائے، مولانا فضل الرحمن سے پوچھیں کہ ڈی آئی خان میں کتنی تیزی سے موٹر وے بن رہی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور کراچی کا امن ہم نے ٹھیک کیا، بھتا خوری کی وارداتیں ختم ہوئیں جب کہ رمضان المبارک میں 22،22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج 45 اور 47ڈگری سینٹی گریڈ میں بھی بجلی دے رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نے شکوہ کیا کہ ہمیں وقت ہی کتنا ملا، 2014 کے دھرنے کے بعد 2016 تک کام کیا اور پھر پاناما شروع ہوگیا، ہمیں کام کے لئے صرف ڈیڑھ دو سال ملے، اگر پورے 5 سال ملتے تو اور کام کرتے۔خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلی کیلئے منظور آفریدی کا نام سامنے آنے سے متعلق نواز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے سینیٹر کے بھائی کو آپ وزیراعلی بنا رہے ہیں، یہ تو بلی سے دودھ کی رکھوالی کرانے والی بات ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو ضابطہ اخلاق جاری کیا اس پرلاہورجا کربات کروں گا، سابق وزیراعظم نواز شریف نے کمرہ عدالت میں برطانوی نشریاتی ادارے کا آرٹیکل بھی پڑھ کر سنایا۔دوسری طرف یوم تکبیر کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو عوام کا 33برس کا رشتہ ہے، اور مجھے اس پر مان ہے، یہ رشتہ آج بھی مضبوط ہے، میرے دل میں عوام کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہے، آج پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی 20سالگرہ ہے، میری آج عدالت میں 75ویں پیشی تھی، مریم نواز پیشی کے دوران 3سے 4گھنٹے کٹہرے میں کھڑی رہی، میں نے کبھی کسی سے میڈل نہیں مانگا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے اور اقامہ پر نکال دیا گیا، امریکی صدر کلنٹن نے مجھے 5ارب ڈالر کی پیشکش کی تھی کہ آپ ایٹمی دھماکے نہ کریں، اگر میں کرپٹ ہوتا تووہ5ارب ڈالر لے لیتا، امریکی صدر نے مجھ سے 5مرتبہ فون پر بات کی، اس کے علاوہ دیگر وزرائے اعظم نے مجھے فون کیا، میں صدر کلنٹن سے کہا کہ آپ نے ہماری غیرت کا غلط اندزاہ لگایا ہے۔ ہماری غیرت اور عزت کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ آپ 5ارب ڈالر اپنے پاس رکھیں ، اگر ہندوستان نے ایٹمی دھماکے کیئے ہیں تو ہم بھی جواب دیں گے۔ ہندوستان نے جب ایٹمی دھماکے کئے تو ہندوستان کا میڈیا کہنے لگا کہ ہم پاکستان کو تمیز سے بات کرنا سکھائیں گے، ہم نے بھارت کے 5ایٹمی دھماکوں کے بدلے 6ایٹمی دھماکے کر کے ان کو جواب دیا، ایٹمی دھماکوں کے 8ماہ بعد ہندوستان کے وزیراعظم واجپائی خود پاکستان آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسی قوت بن چکا ہے کہ کوئی پاکستان کو میلی نظر سے نہیں دیکھ سکتا، یہ کام کسی ڈکٹیٹر نے نہیں بلکہ منتخب وزیراعظم نے کیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جو ایک منتخب وزیراعظم تھے، ایٹمی دھماکوں کے وقت سب سے پہلے میں نے مشاہد حسین سے مشورہ کیا، ایٹمی دھماکے کرنا پاکستان کی سیکیورٹی، عزت اور غیرت کا مسئلہ تھا، میں تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایک مہینے کے کام کو 17دنوں میں مکمل کر کے ٹنل مکمل کی اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنا۔
نوازشریف
لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کی صور ت میں ایسا لیڈر دیا ہے جس کی حب الوطنی کی گواہی چاغی کے پہاڑ بھی دیتے ہیں ، جو مرضی الزامات لگیں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا نواز شریف کے سر پر رکھ دیا ہے اور کوئی بھی اسے نہیں چھین سکتا،اگر چاہتے ہو ووٹ کی عزت ہو ، ووٹر کی عزت جسے تم منتخب کرو اس کی عزت ہو تو 25جولائی کو گھروں سے نکلنا اورمخالفو ں کو بتا دینا تمہارا فیصلہ جو بھی ہو عوام کا فیصلہ نواز شریف ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی 20ویں سالگرہ کی مناسبت سے الحمر اہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ جو جذبہ آج اس حال میں نظر آرہا ہے وہ 25جولائی کوبھی نظر آنا چاہیے ۔ عوام اور نواز شریف کے درمیان تیس سال کا عاشق او رمعشوق کا رشتہ ہے اور یہ بڑھتا جارہا ہے ۔ صرف نواز شریف وہ لیڈر ہیں جب بھی پاکستان ، اس کی سلامتی اورعوام کی بات آئی تو اس نے سب کچھ چھوڑ کر پاکستان کیساتھ رشتے کو مقدم سمجھا ۔
مریم نواز