وزیر اعظم عباسی کے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جھلکیاں

وزیر اعظم عباسی کے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جھلکیاں

  



( رانا محمد خاں سے ) موٹر ویز ایم تھری اور ایم فور کی افتتاحی تقریب شدید بد نظمی کا شکار رہی ، * وزیر اعظم مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ تاخیر سے پنڈال میں پہنچے * ایم این اے چوہدری خالد جاوید وڑائچ اور انکی اہلیہ چیئرپرسن ضلع کونسل محترمہ فوزیہ خالد جاوید وزیر اعظم کے استقبال کے بعد سٹیج پر نہیں آئے* پنڈال میں لگائی گئی کرسیاں آنے والے مہمانوں کی تعداد کے لحاظ سے بہت کم رکھی گئیں ،جس کے باعث مہمانوں کی اکثریت کھڑی رہی* تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی پہلے دو مقامات پر تلاشی کے بعد پنڈال میں واک تھرو گیٹ پر مہمانوں اور انتظامیہ کے مابین ہاتھا پائی ہوگئی ،جس پر مہمانوں کی بڑی تعداد نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی * دعوت نامے موجود ہونے کے باوجود چیئرمین یونین کونسلز اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں کی تذلیل پر متعدد مہمان تقریب میں شرکت کے بغیر ہی وزیر اعظم کے آنے سے پہلے ہی واپس چلے گئے* وزیر اعظم کی موجودگی میں افطاری کا وقت ہونے پر انتظامیہ کی طرف سے صرف سٹیج پر ہی افطاری کا سامان’’شاہی پکوان ‘‘ پیش کئے جاتے رہے جبکہ پنڈال میں لوگوں کو افطاری کیلئے ایک کھجور اور پانی کا ایک گھونٹ بھی نہ مل سکا ،جس کے باعث وزیر اعظم کی تقریر شروع ہوتے ہی پنڈال خالی ہوگیا * افطاری کا سامان مانگنے پر موٹر وے ٹھیکیدار کمپنی ’’زیڈ کے بی‘‘ کے ایک اہلکار نے ایک روزہ دار شہری کاشف کو دانتوں سے کاٹ کر شدید زخمی کیا ،تو اسکے دیگر تین ساتھیوں نے چھریوں سے حملہ کردیا* وزیر اعظم کی تقریر کے دوران موٹر ویز ٹھیکیدار کمپنی کے اہلکاروں کے روزہ دار شہری پر حملے کے بعد پنڈال میدان جنگ بن گیا تو آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ بھی پنڈال میں کود پڑے اور لوگوں کو دھکے اور گالیاں دیکر باہر نکالتے رہے ،جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا * ٹھیکیدار کے اہلکاروں کی طرف سے عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے دوران ڈپٹی کمشنر ٹوبہ عرفان نواز اور اسسٹنٹ کمشنر تبریز صادق سمیت دیگر پولیس افسران خاموش تماشائی بنے رہے * وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر 1300سے زائد پولیس افسران واہلکاروں نے سیکورٹی فرائض انجام دئیے ،گھوڑوں پر سوار پولیس اہلکار کھیتوں میں ویران علاقوں میں گشت کرتے رہے ،جبکہ سار ا دن سخت دھوپ میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے سیکورٹی اہلکار افطاری کے بعد نڈھال نظر آئے ۔

جھلکیاں

مزید : صفحہ اول