نیب نے مفلوج کر دیا ، سول و عسکری تعلقات پر قومی ڈائیلاگ ضروری : وزیر اعظم

نیب نے مفلوج کر دیا ، سول و عسکری تعلقات پر قومی ڈائیلاگ ضروری : وزیر اعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کی5 سالہ اقتصادی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5سالہ دور اقتدارمیں ووٹ کو عزت دی اور یہی ہمارا انتخابی نعرہ ہوگا ،نیب نے حکومت کو مفلوج کر دیا ہے اس طرح حکومتیں نہیں چل سکتیں ، سول و عسکری تعلقات بہتر ہیں تاہم اس طرح کے معاملات پرایک قومی ڈائیلاگ ہونا ضروری ہے، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ،خیبر پختونخوا میں فاٹا کے انضمام کا عمل چل پڑا ہے جو اپنے وقت پر مکمل ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزایک پریس کانفرنس میں کیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2013 ء میں مہنگائی کی شرح 7.75 فیصد تھی جو 2018 ء میں کم ہو کر 3.77 فیصد پر آ گئی اور یہی مسلم لیگ ( ن) کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 ء میں صنعتی ترقی 2013 کے مقابلے میں 5 فیصد بڑھ چکی ہے لیکن برآمدات 22 فیصد سے کم ہو کر 20 فیصد پر آئیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں اضافے کی شرح 3.8 فیصد ہے لیکن کپاس کی پیداوار میں ماضی کی نسبت کمی آئی ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ چاول کی پیداوار 7.44 ملین ٹن ہے جو 2013 میں 5.4 میلن ٹن تھی۔انہوں نے بتایا کہ جب مسلم لیگ ن کو حکومت ملی تو خدمات کے شعبے میں گروتھ 1.3 فیصد تھی جو 2018 میں 6.4 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11.26 ارب ڈالر تھے اور رواں سال غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 16.23 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ ترسیلات زر میں 40 فیصد اضافہ ہوا اور نجی سرمایہ کاری 2.2 سے بڑھ کر 3.7 ٹریلین ڈالر پر آ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں فی کس آمدن 1234 ڈالر تھی جو آج 1641 ڈالر ہے۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور حکومت میں محصولات وصولی کی شرح میں 65 فیصد اضافہ ہوا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2013 میں شرح سود 9 فیصد تھی جو اب کم ہو کر 6.5 ہو چکی ہے۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی آفس (یو این او سی ٹی) کے اشتراک کار سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فاٹا میں نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے منصوبے کا افتتاح کر تے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق حالیہ بل کے فاٹا کو قومی اقتصادی ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاک فوج کی معاونت سے منصوبہ پر عملدرآمد کریگی جبکہ منصوبہ کے تحت 35 سال سے کم عمر مرد و خواتین کو فاٹا میں دہشت گردی سے متاثرہ 100 نوجوانوں کو ووکیشنل تربیت اور سائیکو۔سوشل معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں پائیدار روزگار تک رسائی ہو اور دہشت گردوں کے پروپیگنڈہ اور ان کی بھرتی کے خلاف کاوشوں کو تقویت دی جا سکے۔ اس ضمن میں بیروزگار اور معذور نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ایف آر کوہاٹ اور ایف آر پشاور سے 20 فیصد تربیتی نشستیں خواتین کیلئے مختص کی گئی ہیں جبکہ 10 فیصد نشستیں معذور افراد کیلئے مختص ہیں۔ مرد امیدواروں کو موبائل کی مرمت، آٹو کیڈ، کمپیوٹر آپریٹر، انڈسٹریل الیکٹریشن، سول سروے جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ خواتین امیدواروں کے شعبہ میں ٹیلرنگ، سلائی کڑھائی شامل ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فاٹا کے نوجوانوں کی سماجی اقتصادی بہبود کیلئے وزیر مملکت اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام لیلیٰ خان، پاک آرمی بالخصوص 11 کور پشاور، وزارت خارجہ امور اور فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے منصوبہ کیلئے فنڈز کی فراہمی پر یو این او سی ٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
شاہد خاقان عباسی


ٹوبہ ٹیک سنگھ(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تبدیلی اور خوشحالی جمہوریت سے آتی ہے ،آمریت سے صرف بدحالی آتی ہے ،جمہوری نظام میں ہمیشہ عوام کا فیصلہ ہی مقدم ہوتا ہے ،2013میں عوام نے بہتر فیصلہ کیا ،جسکی وجہ سے مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار کے دوران ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ،آج ٹوبہ ٹیک سنگھ ہی نہیں بلکہ ملک کے ہر حصے میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں ،وہ موٹر وے ہو ،ہائی وے یا پھر توانائی کے منصوبے ترقیاتی منصوبوں کی ایک لمبی فہرست ہے ،اور یہ منصوبے دو چار سو ارب کے نہیں بلکہ ہزاروں ارب کے منصوبے ہیں ،جو نواز شریف حکومت مکمل کررہی ہے ،گزشتہ 70سال میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی ترقی ان پانچ سال میں ہوئی ہے ،سیاسی مخالفین جن کاموں کے کرنے کا ایجنڈا دے رہے ہیں وہ کام ہم نے مکمل کرلئے ہیں ،ملکی ترقی کے تسلسل کیلئے عوام کو ایک بار پھر 25جولائی کو فیصلہ کرنا ہے ،مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہزاروں ارب روپے کے ترقیاتی کام مکمل کئے ،سی پیک منصوبہ سے ترقی نئی راہیں کھلیں گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹر وے ایم تھری رجانہ تا شرقپور سیکشن اور ایم فور گوجرہ تا ٹوبہ ٹیک سنگھ سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،افتتاحی تقریب رجانہ انٹر چینج پر منعقد ہوئی ،جس میں وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری ،اراکین قومی اسمبلی چوہدری اسد الرحمن ،چوہدری خالد جاوید وڑائچ ،صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی سردار ایوب خاں گادھی ،اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید ،میاں محمد رفیق ،محترمہ نازیہ راحیل ،عبدالقدیر اعوان ،پیر قطب علی ،سابق ضلع ناظم چوہدری عبدالستار اور ضلعی چیئرپرسن محترمہ فوزیہ خالد سمیت موٹر ویز اور این ایچ اے کے افسران نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر مملکت محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ان کے بھائیوں جیسے ہیں ،وہ ان کے سامنے سپاسنامہ نہیں بلکہ چند گزارشات کریں گے ،جنید انوار چوہدری نے رجانہ کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دئیے جانے ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج کے قیام ،رجانہ میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے معیار کا ہسپتال قائم کرنے اور کھیکھا ذیل ،چٹیانہ کے علاقوں کو سیراب کرنے کیلئے سدھنائی لنک کینال سے نہر نکالنے کا مطالبہ کیا ،جس پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر مملکت برائے مواصلات کے تمام مطالبات کی منظوری دیتے ہوئے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج قائم کرنے ،رجانہ کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دینے سمیت دیگر منصوبوں کی منظوری کا اعلان کیا ۔

مزید :

صفحہ اول -