استحکام جمہوریت کیلئے دینی و سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں :میاں مقصود

استحکام جمہوریت کیلئے دینی و سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں :میاں مقصود

  



ملتان ( سٹاف رپورٹر)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ جسٹس(ر)ناصر الملک کوبطورنگران وزیراعظم نامزدکرنے کے فیصلے کاخیر مقدم کرتے ہیں اور امید ظاہرکرتے ہیں کہ نگران وزیر اعظم آئین وقانون کے مطابق ملک میں شفاف اور(بقیہ نمبر32صفحہ12پر )

منصفانہ انتخابات کاانعقاد یقینی بنائیں گے۔انہوں نے بیان میں کہاکہ جسٹس(ر)ناصر الملک متوازن شخصیت کے مالک اور بے داغ کردار کے حامل ہیں ان کابطورنگران وزیر اعظم کے لیے انتخاب کیاجاناخوش آئند ہے۔انتخابات کے انعقاد میں ایسی شخصیت ہی کی ضرورت تھی جو غیر متنازع ہو۔اس فیصلے سے پارلیمان نے اچھی روایت قائم کی ہے۔حکومت اور اپوزیشن نے ثابت کردیا ہے کہ جمہوریت پر کسی قسم کی کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزررہا ہے۔چاروں طرف سے دشمن حملہ آور ہیں۔وطن عزیز کی مشرقی اور مغربی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں ایسی صورتحال میں جمہوریت کے استحکام کے لیے تمام دینی وسیاسی جماعتوں کومل کرکام کرنا چاہئے۔جمہوریت کی مضبوطی سے ہی ملک کادفاع مضبوط بنایاجاسکتاہے۔ دریں اثنا متحدہ مجلس عمل کے صوبائی صدر میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ حکومت عوام الناس کو ماہ مقدس میں بھی ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔یوٹیلٹی اسٹورزاور سستے رمضان بازاروں میں ناقص اشیاء ضروریہ کی فروخت اور قلت کی شکایات عام ہیں مگر بدقسمتی سے انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال اور بے حسی کامظاہرہ کررہی ہیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر