نواز شریف کی حکمت عملی سے توانائی بحران ودہشتگردی سے نجات ملی،مشاہد اللہ

نواز شریف کی حکمت عملی سے توانائی بحران ودہشتگردی سے نجات ملی،مشاہد اللہ

  



لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف کے فیصلوں اور حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان کو توانائی بحران اور دہشت گردی کی لعنت سے نجات ملی اور اسی نے 25 جولائی کے انتخابات کی جانب جانے کیلئے درست پلیٹ فارم فراہم کیا۔ایک انٹرویومیں مشاہد اللہ خان نے کہاکہ اگر 2014 میں عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف اور طاہر القادری کی پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کے دوران اور 2016 میں نیوز لیکس معاملے پر دباؤ میں آکر نواز شریف اپنے عہدے سے دستبردار ہوجاتے تو مسلم لیگ (ن) کی دہشت گردی اور بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف جاری طویل جدوجہد درمیان میں ہی ادھوری رہ جاتی۔انہوں نے کہاکہ اب ہم نے یہ دونوں مسائل مکمل طور پر حل کر لیے ہیں لہٰذا عمران خان کی تحریک انصاف کو آئندہ انتخابات کیلئے ایک حکمت عملی کے تحت فیوریٹ بنانے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی ہے اور اگر کسی کو اس بات پر شبہ ہے تو وہ آزادانہ طور پر اس حوالے سے ایک سروے کروالے۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ نواز شریف نے اپنے کیس کو عوام کے سامنے پیش کرکے اپنا کام پورا کیا اور بتایا کہ ان کے اور ان کی جماعت کے ساتھ کیا ہورہا ہے۔انہوں نے اس بات کو واضح کیا کہ کچھ موقع پرستوں کی غداری کے باوجود پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے گڑھ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب سے کلین سویپ کرے گی اور خیبرپختونخوا سے بھی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگی جبکہ کراچی اور بلوچستان میں بھی سیاسی حریفوں کو ٹف ٹائم دیگی۔

مشاہد اللہ

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...