شیخ رشید ، عمران خان اور مولانا فضل الرحمان سرکاری خرچ پر سب سے زیادہ سکیورٹی افسرلینے والی شخصیات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ شیخ رشید ، عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کو سرکاری خرچ پر سب سے زیادہ سکیورٹی افسر فراہم کیے گئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے خصوصی سیکرٹری رضوان ملک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا کہ شیخ رشید احمد کو 5 سکیورٹی افسران فراہم کیے گئے جبکہ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کو 4، 4 افسر مہیا کیے گئے۔سکیورٹی کی ضرورت کسی بھی شخصیت کو ہوسکتی ہے اس لیے اس حوالے سے تفریق نہیں ہے۔ سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، وسیم سجاد اور نیئر حسین بخاری، سابق وزیر قانون زاہد حامد، سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور رحمان ملک، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان اور وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا کو 2 سکیورٹی افسران فراہم کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں اینڈ کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک، وفاقی محتسب کشمالہ طارق اور دیگر اداروں کے سربراہوں کو ایک ایک افسر فراہم کیا گیا۔