پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ، سیز فائر معاہدے کی پابند ی پر اتفاق

پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ، سیز فائر معاہدے کی پابند ی پر ...
پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ، سیز فائر معاہدے کی پابند ی پر اتفاق

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن رابطہ ،ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر امن وامان کی صورتحال جا ئزہ لیاگیا ، دونوں جانب سے سیز فائر پر عمل در آمد پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن پررا بطہ کرکے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ہر صورت 2003کے سیز فائر معاہدے کی پابندی کی جائے گی اور امن یقینی بنا کر موجودہ صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔اس موقع پر کمانڈزر کی سطح پر فلیگ میٹنگز جاری رکھنے اور تمام مسائل ہاٹ لائن رابطوں کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کے اطراف موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور صورتحال میں بہتری کے لیے مخلصانہ اقدامات اٹھانے، امن کو یقینی بنانے اور سرحد کے قریب رہائش پذیر شہریوں کی مشکلات کم کرنے پر باہمی طور پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کسی مسئلے کی صورت میں تحمل کا مظاہرہ کیا جائے گا اور معاملہ ہاٹ لائن رابطے اور مقامی کمانڈروں کی سطح پر سرحدی فلیگ میٹنگز کے موجودہ نظام کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ماضی قریب میں لائن آف کنٹرول پر کئی بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے سرحد کے اس پار بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں ستمبر 2016 کے بعد تیزی آئی۔بھارتی فوج کی جانب سے بھاری گولہ باری کے علاوہ چھوٹے ہتھیاروں سے شہری آبادیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔رواں سال 15 مئی تک بھارت کی اشتعال انگیزی سے چھ خواتین سمیت 21 افراد ہلاک جبکہ 119 زخمی ہوئے۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق 2017 میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 46 شہری ہلاک اور 262 زخمی ہوئے تھے۔

مزید : قومی