پاکستان اور چین کے عوام کو قریب لایا جائے گا،سید رفاقت گیلانی
لاہور(پ ر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان روابط کو مستحکم کرنے کیلئے ای ویزہ کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے پنجاب میں معاشی ترقی کے نئے امکانات تلاش کرنا چاہتے ہیں-ثقافتی شعبہ میں تعاون دونوں ممالک کے شہریوں کو مزید قریب لائے گا۔ پاکستان اور چین ہر موسم کے ساتھی ہیں۔ پاک چین دوستی پر زمانے کے سرد و گرم اثر انداز نہیں ہوسکتے۔ پائیدار ترقی کیلئے چین کے تجربات سے مستفید ہوں گے۔
دونوں ممالک خطے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ سی پیک سمیت ترقی کے دیگر منصوبے عوام کیلئے خوشحالی کی نوید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔ پاکستان اور چین ترقی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بھائیوں کے درمیان پیار، محبت اور تعاون کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔ چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ پہلے بھی کھڑا تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا اور باہمی تعاون کی نئی جہتوں پر کام کرکے لازوال دوستی کو مزید بلندیوں تک پہنچائیں گے۔