ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو اچھی پیداوار کے حصول کے لئے کھادوں کے متناسب استعمال کی ہدایت
فیصل آباد (بیورورپورٹ) محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو اچھی پیداوار کے حصول کے لئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدایت کی ہے ۔ ایک ملاقات کے دورا ن انہوںنے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کے لئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے، غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشاوہ پھلوں کی صحت ، نشو ونما ،پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے اور پودے کو جن غذائی اجزاءکی ضرورت ہوتی ہے ان میں نائٹروجن کھاد سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔
انہوںنے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی مدد گار ثابت ہوتا ہے لہذا پھول اور پھل کے بننے ، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کے لئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔