نیب ایک عیب ،سانپ کی مانند،عمران خان خود اپنادشمن ،جاویدہاشمی

نیب ایک عیب ،سانپ کی مانند،عمران خان خود اپنادشمن ،جاویدہاشمی

  

ملتان(آن لائن ) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان خود اپنے دشمن ہیں، حزب اختلاف عمران خان کو وزیر اعظم رہنے دے۔ اگر ’پاگل‘ نواز شریف نے دھماکے کیے تو بہت سے لوگ اس کے خلاف بھی تھے۔ یوم تکبیرکے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ بھی بھٹو والے کام کیے جارہے ہیں، نواز شریف کے ساتھ ہمیں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہئے، انہیں صدر پاکستان ہونا چاہیے تھے لیکن ان کو قید کیا گیا، پابندیاں لگا دی گئیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نے 1967 میں ایوب خان کوکہا تھا کہ اپ کے اقدامات سے مشرقی پاکستان علیحدہ ہوجائے گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ضلع فاٹا مسئلے کا حل پارلیمنٹ کے ذریعے نکالا جائے، پی ٹی ایم سے مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ 1973 کا آئین بنانے میں ہم بھٹو کے ساتھ تھے اور ملک کو ایٹمی قوت بنانے میں پوری پارلیمنٹ نواز شریف کے ساتھ کھڑی تھی۔نیب کو ایک ’عیب‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بھی سانپ کی مانند ہے جو سات آٹھ ماہ سویا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا جو تنازع چل رہا ہے اس کا کوئی حل نہیں۔ احتساب تو اسی دن مرگیا تھا جس دن نواز شریف کو ہٹایا گیا تھا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان نہ کبھی سنائی دیتے ہیں اور نہ ہی پکڑائی دیتے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ اراکین آئندہ پیش ہونے والے بجٹ کو پاس نہیں کریں گے۔جاوید ہاشمی نے اپیل کی کہ خدا کے لیے پاکستانی عوام کو اندھیرے میں نہ دھکیلو۔ انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاالحق کو کہا تھا کہ تم گولی کی زور پر تقریر کررہے ہو اور ساتھ ہی واضح کیا تھا کہ اگر فیصلے گولی سے کرنے ہیں تو فائدہ نہیں ہوگا۔انہوںکہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ عمران خان کو وزیراعظم رہنے دے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمارے ہیرو ہیں لیکن ہم اپنے ہیروز کو جیلوں میں ڈال ڈال کر مار دیتے ہیں۔ آصف علی زرداری کا مستقبل بھی جیل ہے، جب کوئی ثبوت نہیں ملے گا تو اندر جانے والے دو ماہ بعد ہی جیل سے باہر ہوں گے۔ میں نے کہا کہ میں ’سیاسی ریٹائرمنٹ‘ لینا چاہتا ہوں لیکن میاں صاحب نے کہا کہ وہ مجھے پارٹی عہدہ دیں گے اور پارٹی ٹکٹ بھی دیں گے۔

جاوید ہاشمی

مزید :

علاقائی -