یوم تکبیر قوم کی بہادری کی علامت کا دن ،پاکستان کیخلاف جارحیت کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا ،نواز شریف

    یوم تکبیر قوم کی بہادری کی علامت کا دن ،پاکستان کیخلاف جارحیت کرنے والوں ...

  

لاہور/ لندن (آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہاہے کہ 28مئی پاکستانی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے، اس روز ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیاگیا۔یوم تکبیر کے موقع پرمیاں نوازشریف نے جیل سے پیغام میں کہا کہ 28مئی کوپاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کی بہادری کی علامت کادن ہے لہٰذا پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔میاںنوازشریف نے کہا کہ عوام کی بالادستی، ووٹ کی عزت، ملک کی سالمیت اور پاکستان کی خود مختاری پر نہ پہلے کوئی سمجھوتہ کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔ دوسری طرف یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ 28مئی پاکستانیوں کےلئے خدا کے حضور سجدہ شکر بجالانے کا دن ہے، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے سرجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 28مئی1998ءکواس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے بیرونی دباﺅکو مسترد کرتے ہوئے ملکی دفاع کو ترجیح دی۔میاں شہباز شریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کےلئے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو، پاکستانی سائنسدانوں اور افواج پاکستان کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

 نواز شریف /شہبازشریف

لاہور (جنرل رپورٹر،آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتوں اور اداروں کے پیچھے نہ چھپو اگر ہمت ہے تو مریم نواز اور حمزہ شہباز سے میدان میں آ کر مقابلہ کرو، نواز شریف باہر ہو تو یہ حکومت ایک دن نہیں چلتی، نالائق اعظم تمہارے وزراءکا بیٹنگ آرڈر ایک لمحے میں درہم برہم کر دیا جاتا ہے اور تم کچھ کر نہیں سکتے، کوئی ملک عمران خان کو نہیں بلاتا کہ کہیں پیسے نہ مانگ لے، جو مودی کل خود چل کر نواز شریف سے ملنے پاکستان آیا تھا آج وہ عمران خان کا فون تک نہیں اٹھارہا، قبائلی علاقے میں حالیہ واقعہ پر حکومت کہیں نظر نہیں آئی اور نہ کوئی بیان آیا، ضرب عضب اور ردالفساد شروع ہوا تو نواز شریف سکیورٹی فورسز کے پیچھے کھڑے تھے۔ یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں، قوموں کی تقدیروںمیں ایسے لمحات آتے ہیں کہ بہادر فیصلہ قوم کی تقدیر سنوار دیتا ہے، وہ جرات فیصلہ کرنے والا نواز شریف تھا جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور پاکستان کا مستقبل محفوظ اور دفاع ناقابل تسخیر بنایا، اب وہی نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں قید ہےںاور جس نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اس کو پھانسی ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف کٹھ پتلی ہے اور اشاروں پر ناچ رہا ہے، وہی مودی چل کر نواز شریف کے پاس پاکستان آیا جو آج فون نہیں اٹھاتا تاہم چاہتے ہیں کہ ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر ہوں اس لئے عمران خان کو مودی کا یار نہیں کہیں گے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کڑی پابندیوں کے باوجود ہاتھ نہیں پھیلائے جبکہ بھکاری اعظم نے 6ارب ڈالر کےلئے ملک گروی رکھ دیا، جب نالائق سازشوں سے اقتدار تک آئیں تو ملک کا یہی حال ہو گا، اگر نواز شریف چور تھا تو مہنگائی کیوں کم تھی، عمران خان نے ملک میں ایک اینٹ نہیں لگائی اور مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے، نواز شریف کے دور میں ٹیکس وصولیاں دگنا تھیں جو آج آدھی ہو گئی ہیں، آج جعلی صادق اور امین کی حکومت ہے تو ملک میں مہنگائی کی شرح دیکھ لیں، ایک کلو چینی کےلئے عوام لائنوں میں خوار ہو رہی ہے، نالائق اعظم خوف میں مبتلا ہیں جو دھاندلی سے آتا ہے وہ خوف میں جیتا ہے، کہتا ہے این آر او نہیں دوں گا، جو خود کٹھ پتلی ہو وہ کسی کو کیا این آر او دے سکتا ہے،مریم نواز پارٹی نائب صدر بنی تو ان کی ٹانگیں کانپنے لگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جیل میں ہے پھر بھی عمران خان کے سر پر سوار ہے، جتنی توجہ نواز شریف پرمرکوز کر رکھی ہے اتنی ملک پر دی ہوتی تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیب کے ڈراوے ہمارے راستے کو نہیں بدل سکتے، شریف خاندان کو مشرف نہیں توڑ سکا لہٰذاعمران خان بھی ناکام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اربوں ڈالر ٹھکرائے اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا، عمران خان نے ثابت کیا وہ نالائق ، نا اہل اور کھلنڈرا ہے، عمران خان نے پاکستان کی سالمیت کو چند ارب ڈالر کی خاطر خطرے میں ڈال دیا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پوری مسلم لیگ (ن) کو جیل میں ڈال لو تمہیں نیب کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔

مریم/حمزہ

مزید :

صفحہ اول -