حکمرانوں کی ناتجربہ کاری کے باعث لاہور سماجی مسائل کا شکار ہوچکا ،امیر العظیم

حکمرانوں کی ناتجربہ کاری کے باعث لاہور سماجی مسائل کا شکار ہوچکا ،امیر ...

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناتجربہ کاری اور عدم توجہی کے باعث لاہور سماجی مسائل کا شکار ہوچکا ہے۔ جرائم کی شرح میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ تعمیر و ترقی کے منصوبوں اور ان کے بجٹ پر کٹ لگانے سے قومی ومعاشرتی ترقی متاثر ہوتی ہے۔ اچھے اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ہر دور حکومت میں پورا ہونا چاہیے، مگر تاریخ گواہ ہے کہ ایسا کبھی نہیں ہوا۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبہ ماضی کی حکومت نے شروع کیا جس پر چین سے قرض حاصل کرکے کثیر سرمایہ لگایاگیا اب وہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے مگر بد قسمتی سے موجودہ حکومت اس کو مکمل کرنے میں نیم دلی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

نھوں نے کہا کہ لاہور صوبائی دارالحکومت اور 2کروڑ آبادی کا شہر ہے ، اس میں بسنے والے افراد کو درپیش مسائل بھی بے شمار ہیں۔ عوام کو صاف پانی ، خالص اشیاء، صحت کی بنیادی سہولت ، ملاوٹ سے پاک چیزیں، لاقانونیت ، عوام کو عدم تحفظ اور اس طرح کے ان گنت مسائل ہیں جن سے نبر آزما ہونا ہوگا۔ معاشرے کی اجتماعی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں کا معیار زندگی خوب سے خوب تربنایا جائے، یہ ہی اصل تبدیلی کی بنیاد ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ لاہورشہر کے مسائل پر حکمران مجرمانہ غفلت کا ارتکا ب کررہے ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک کا سیلاب ہے۔ اکثر جگہوں پر سڑکیں اپنی گنجائش سے بھی تجاوز کرچکی ہیں۔ چار پانچ بڑے سرکاری ہسپتال لاہور سمیت پورے صوبے سے آئے ہوئے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں،جوکہ ناکافی ہیں۔ ہر بڑے شہر میں ان کی تعداد میںاضافہ کیا جانا چاہیے۔ جب تک حکمران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم نہیں کریں گے اس وقت تک معاشرتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -