وزیراعظم جلد صحت کے شعبہ میں اصلاحات کا اعلان کرینگے،ڈاکٹر ظفر مرزا

وزیراعظم جلد صحت کے شعبہ میں اصلاحات کا اعلان کرینگے،ڈاکٹر ظفر مرزا

  

اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جلد صحت کے شعبے میں اصلاحات کا اعلان کریں گے، ہسپتالوں میں مریضوں کا بے پناہ رش کم کرنے کی ضرورت ہے،ہسپتال انتظامیہ اور سینئر ڈاکٹرز سے مل کر سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر صحت داکٹر ظفر مرزا نے منگل کے روز پولی کلینک ہسپتال کے دورہ کے موقع پر گفتکو کرتے ہوئے کیا۔دورہ کے موقع پرپولی کلینک ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد حنیف نے وزیر صحت کوہسپتال کو درپیش چیلنجز اور ترقیاتی کاموں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں وزیر صحت نے ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز کا دورہ کیا،جہاں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجے کے بارے میں بھی سوالات بھی کئے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ویژن اور ہدایت کے مطابق پمزہسپتال میں اصلاحاتی کام کا آغاز کردیا گیاہے، اب ہم نے پولی کلینک میں بھی بہتری کیلئے کام کا آغاز کرنا ہے اورمیرا یہ دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عنقریب صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے اصلاحات کا اعلان کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہسپتال 1966 میں 8 بیڈ کا بنا تھا اور آج یہ تقریباً ساڑھے پانچ سو بیڈز کا ہسپتال بن چکا ہے اس کا انفراسٹرکچر اب تک وہی ہے۔ ہسپتال میں 7 سے 8 ہزار لوگ علاج معالجے کے لیے آتے ہیں، مریضوں کا لوڈ زیادہ ہے اور جگہ تنگ ہونے کی وجہ سے بہت رش ہے۔ یہاں بے شمار مسائل میں نے دیکھے ہیں۔ میں کوئی تنقید نہیں کر رہا، میں یہ ضروری سمجھتا ہوں کہ یہاں کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز سے ملکر ہم ان مسائل اور مشکلات کو دور کریں گے اور ہسپتال میں علاج ومعالج کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔ ڈاکٹر ظفر مراز کا کہنا تھا کہ آج اس ضمن میں کچھ اہم فیصلے کرلئے ہیں جس میں ہسپتال کے اندر اصلاحات کے ذریعے بہتری لانے کیلئے ابتدائی طور پر ایک کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں جو ہفتہ وار فیصلے کرے گی اور ان فیصلوں پر عمل درآمدکروائے گی۔ کچھ فیصلے آنے والے دنوں میں ہنگامی بنیادوں پر ہوں گے اور انشااللہ چند مہینوں میں ایک فعال ہیلتھ سسٹم بنا لیں گے۔

ڈاکٹر ظفرمرزا

مزید :

صفحہ آخر -