کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی کے ترمیم شدہ نرخوں کانفاذ

کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی کے ترمیم شدہ نرخوں کانفاذ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ) نیپرا(نے 22 مئی 2019 کو وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او میں درج ٹیرف کی شرائط و ضوابط کے مطابق، کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا اعلان کر دیا ہے۔نئے ٹیرف کا اطلاق بجلی کے بلوں کے اگلے مرحلہ سے ہو گا۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ، پورے پاکستان میں صارفین سے یکساں نرخ وصول کرنے کی پالیسی کے مطابق کیا گیا ہے۔ ایسے تمام گھریلو صارفین جو ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، ان اضافی نرخوں سے مستثنیٰ رہیں گے۔نئے ٹیرف اور قواعد کے تحت، چند شرائط و ضوابط میں ترامیم کی گئی ہیں، مثلاً؛ بجلی کے استعمال کے اوقات، یعنی ٹائم آف یوز (ToU) کے مطابق بجلی کی قیمت وصول کی جائے گی۔لہٰذا اہلیت رکھنے والے تمام صارفین پر جو نرخ لاگو ہوں گے، ان کا حساب، دن کے مصروف ترین اوقات(Peak hours) میں بجلی استعمال کرنے پر مبنی ہو گا، یا غیر مصروف اوقات (Off-Peak hours) میں بجلی استعمال کرنے کے مطابق ہو گا۔ مزید برآں، آئندہ صارفین سے بینک چارجز اور میٹر رینٹ کی مد میں، کوئی علیحدہ رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ صارفین کی ایک نئی قسم (A3) - یعنی عمومی سہولت(General Services) ٹیرف کیٹگری بھی متعارف کروائی گئی ہے۔ لائف لائن صارفین کے علاوہ B1اور B2کیٹگریز سے متعلق صنعتی صارفین کی اہلیت کے حوالے سے شرائط میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ، صنعتوں کی معاونت کے پیکیج کے تحت، ماضی میں صنعتی اداروں کو 3 روپے فی یونٹ کی جوخصوصی رعایت دی جاتی تھی، اسے اب عام صارفین پر لاگو ہونے والے ٹیرف میں ضم کر دیا گیا ہے۔ لہٰذا، آئندہ بجلی کے بلوں میں اس ایڈجسٹمنٹ کو علیحدہ سے ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے، صارفین کو کسی بھی قسم کے سوالات یا وضاحت کی ضرورت ہو تو، کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر رجوع یا کے الیکٹرک کے کال سینٹر 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ، کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ معزز صارفین، کراچی شہر کے تمام علاقوں میں قائم کے الیکٹرک کے کسٹمر کیئر سینٹرز پر بھی تشریف لا سکتے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -