جب آپ سو رہے ہوتے ہیں تو آپ کا موبائل فون کیا کررہا ہوتاہے؟ماہرین نے انتہائی پریشان کن انکشاف کردیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی فون استعمال کرنے والے سمجھتے ہیں کہ یہ اینڈرائیڈ فونز کی نسبت زیادہ محفوظ ہوتا ہے لیکن اب واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔ میل آن لائن کے مطابق واشنگٹن پوسٹ نے ماہرین کے ذریعے آئی فون کے محفوظ ہونے یا نہ ہونے پر تحقیق کروائی جس میں ماہرین نے ایک ٹریکر کے ذریعے آئی فون کی مختلف ایپلی کیشنز کی نگرانی کی، جس میں یہ ہولناک انکشاف ہوا کہ جب آدمی سو رہا ہوتا ہے یا فون استعمال نہیں کر رہا ہوتا تو اس وقت اس کے آئی فون کی یہ ایپلی کیشنز اس کا انتہائی ذاتی نوعیت کا ڈیٹا تھرڈ پارٹیوں کو منتقل کر رہی ہوتی ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ ٹریکر نے آئی فونز کی کئی معروف ایپلی کیشنز میں 5400سے زائد ایپ ٹریکرز کا سراغ لگایا ہے۔ یہ ٹریکر اس وقت ایکٹو ہوتے ہیں جب صارف اپنا فون استعمال نہیں کر رہا ہوتا، چنانچہ یہ خاموشی کے ساتھ صارف کی ای میلز، فون نمبرز، آئی پی ایڈریسز، صارف کی انتہائی درست لوکیشن اور دیگر ذاتی نوعیت کا ڈیٹا مسلسل ٹرانسفر کر رہے ہوتے ہیں اور صارف کو اس کی خبر بھی نہیں ہوتی۔ ماہرین کے مطابق آئی فونز میں ایک فیچر ہوتا ہے جس کا نام ’بیک گراﺅنڈ ایپ ری فریش‘ ہے۔ اس فیچر کا اصل مقصد تو یہ ہے کہ صارف جو ایپلی کیشنز استعمال کر رہا ہے وہ اپ ٹو ڈیٹ رہیں لیکن درحقیقت یہ فیچر ان ایپلی کیشن کو ڈیٹا منتقل کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے۔ ماہرین نے جن ایپلی کیشنز کو صارفین کا ڈیٹا تھرڈ پارٹیوں کو منتقل کرتے ہوئے دیکھا ان میں ’نائیکی، مائیکروسافٹ کی ’ون ڈرائیو‘، سپوٹیفائی، دی ویدر چینل، ییلپ (Yelp)، سٹیزن اینڈ ڈور ڈیش و دیگر متعدد ایپلی کیشنز شامل تھیں۔