کترینہ کیف کی شادی کب ہوگی؟ سلمان خان کی موجودگی میں اداکارہ نے حیران کن جواب دے دیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ ان کی شادی کب ہونی ہے ، اس کا فیصلہ سلمان خان کریں گے۔
ایک عرصے تک سلمان خان اور کترینہ کیف کا معاشقہ زبان زد عام رہا لیکن کچھ برس پہلے دونوں کا بریک اپ ہوگیا تھا۔ کترینہ سے بریک اپ کے بعد سلمان خان کا نام یولیا وینتور کے ساتھ لیا جاتا رہا جبکہ کترینہ کیف بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ رشتے میں نظر آئیں لیکن دونوں کے ہی یہ نئے تعلق بھی دیرپا ثابت نہ ہوسکے اور شادی سے پہلے ہی کہانی ختم ہوگئی۔
کترینہ کیف ان دنوں سلمان خان کے ساتھ اپنی نئی فلم بھارت کی تشہیری مہم چلارہی ہیں جس کے سلسلے میں انہوں نے کامیڈی پروگرام ’ دی کپل شرما شو‘ میں شرکت کی۔ میزبان کپل شرما نے کترینہ کیف سے سلمان خان کی موجودگی میں شادی کے حوالے سے سوال کیا تو اداکارہ نے کہا ’ میری شادی کا فیصلہ 2 لوگوں نے کرنا ہے، ایک تو اوپر بھگوان اور دوسرے سلمان‘۔
خیال رہے کہ سونی ٹی وی پر اس پروگرام کا ٹریلر دیا گیا ہے جس میں کترینہ کیف نے یہ بات کہی ہے۔ پروگرام ہفتے کے روز آن ایئر ہوگا۔