میڈیکل اور ڈینٹل پروفیشنل سپلیمنٹری امتحانات یکم جون سے شروع ہونگے

میڈیکل اور ڈینٹل پروفیشنل سپلیمنٹری امتحانات یکم جون سے شروع ہونگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کے پروفیشنل سپلیمنٹری امتحانات یکم جون سے شروع ہوں گے۔ جمعرات کو ترجمان یو ایچ ایس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تمام امتحانی مراکز پر خصوصی انتظامات کی جائیں گے۔ امیدوار مقررہ وقت اپنے اپنے امتحانی مراکز پر پہنچیں۔ امیداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فیس ماسک پہن کر امتحانی مرکز پر آئیں، بغیر ماسک امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں امیدار اپنے ساتھ ہینڈ سینیٹائزر کی چھوٹی بوتل لے کر آئیں۔
ہینڈ سینیٹائزر اور ہاتھ دھونے کی سہولت امتحانی مراکز پر بھی فراہم کی جائیگی۔ تمام امتحانی مراکز پر سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر امیدواروں کی تھرمل سکریننگ ہوگی۔ اس کے علاوہ امتحانی عملے اور نگرانوں کے کورونا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ جو امیدوار ملک سے باہر ہیں یا کورونا کا شکار ہیں، وہ امتحانات سے استشنیٰ کیلئے اپنے کالج کے سربراہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ایسے تمام امیدواروں کیلئے بعدازاں خصوصی امتحان ہوگا۔ ترجمان یو ایچ ایس کا کہنا تھا کہ بغیر امتحان پاس کیے کسی امیدوار کو اگلی کلاس میں پروموٹ نہیں کیا جائیگا۔ امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کا مشترکہ فیصلہ ہے۔ ترجمان یو ایچ ایس نے خبردار کیاکہ سپلیمنٹری امتحانات کا انعقاد نہ کیا گیا تو امیدوار پچھلی کلاسز میں ہی رہ جائیں گے۔ مزید برآں فائنل ایئر ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے سپلیمنٹری امتحانات فوری نہ کروائے تو امیدوار جولائی میں ہاؤس جاب نہیں کرسکیں گے۔